مشی گن : یہودی معبد پر حملے کی نئی تفصیل ..."لبنانی شخص کا حملہ اور خود کشی"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکی ایف بی آئی کی ایک خاتون عہدے دار نے گذشتہ روز (جمعے کو) انکشاف کیا ہے کہ ریاست مشی گن میں ڈیٹروائٹ کے ایک مضافاتی علاقے میں یہودی عبادت گاہ میں اپنی گاڑی گھسانے اور اسے نذرِ آتش کرنے کی کوشش کرنے والا مشتبہ شخص سر میں خود کو گولی مارنے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی شناخت 42 سالہ ایمن محمد غزالی کے نام سے ہوئی ہے جو لبنان میں پیدا ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ جنگ کے دوران لبنان میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے خاندان کے کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

وفاقی ایجنسی کے ڈیٹروائٹ فیلڈ آفس کی خصوصی انچارج ایجنٹ جینیفر رونیان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جمعرات کو ہونے والے اس حملے کے محرک کے بارے میں اس مرحلے پر کوئی بھی قیاس آرائی کرنا "غیر ذمے دارانہ" ہو گا۔ اے ایف پی کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ ایمن غزالی کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا اور نہ اس کے نام پر کوئی اسلحہ رجسٹرڈ تھا۔

رونیان نے یہ بھی واضح کیا کہ ایف بی آئی کے پاس ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ اس حملے کا ورجینیا کی اولڈ ڈومینین یونیورسٹی میں جمعرات کو ہونے والی فائرنگ سے کوئی تعلق ہو، جس میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ایمن غزالی نے اپنا "فورڈ ایف 150" ٹرک یہودی عبادت گاہ کی طرف دوڑایا اور ایک گزرگاہ میں داخل ہو گیا جہاں سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کر دی، جس سے گاڑی کے انجن میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک موقع پر غزالی نے اپنے سر میں گولی مار لی۔ تفتیش کاروں کو بعد میں گاڑی سے بڑی مقدار میں آتش بازی کا سامان اور آتش گیر مادہ (غالباً پیٹرول) کے کین بھی ملے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق 5 مارچ کو لبنان میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں غزالی کا بھائی ابراہیم اور اس کے دو چھوٹے بچے، نیز ایک اور بھائی قاسم ہلاک ہو گئے تھے۔ غزالی نے مشی گن کے علاقے ڈیئربورن میں اپنے اہل خانہ کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی تھی، جہاں لبنان کے قصبہ مشغرہ سے تعلق رکھنے والے سوگواروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وفاقی دستاویزات کے مطابق ایمن غزالی 2011 میں امریکی شہریوں کے شریکِ حیات کو ملنے والے ویزے پر ڈیٹروائٹ آیا تھا اور 2016 میں اسے امریکہ کی شہریت ملی تھی۔ دو نا بالغ بچوں کا باپ ایمن 2024 میں اپنی اہلیہ سے الگ ہو گیا تھا اور حال ہی میں ایک ویٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے پورے امریکہ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں