سعودی عرب کی فٹبال ٹیم عالمی کپ 2026 کے آٹھویں گروپ کے آخری میچ میں کیپ ورڈی کے ساتھ بغیر کسی گول کے برابر کھیلنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ مملکت کی ٹیم نے ساتویں بار عالمی کپ میں شرکت کی۔
سعودی ٹیم نے اپنا پہلا میچ یوراگوئے کے ساتھ 1-1 سے برابر کھیلا تھا۔ دوسرے میچ میں اسے اسپین کے ہاتھوں 0 – 4 سے شکست ہوئی اور آخری میچ کیپ ورڈی کے ساتھ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مملکت کی ٹیم دو شکستیں کھائے بغیر بڑے ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی ہے۔
سال1994 میں عالمی کپ میں پہلی بار شرکت میں سعودی عرب نے ہالینڈ سے 2-1 سے شکست کھائی تھی۔ پھر مراکش اور بیلجیم کو بالترتیب 2-1 اور 1-0 سے شکست دی۔ اس کے بعد پری کوارٹر فائنل میں سویڈن سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
سال1998 کے عالمی کپ میں سعودی ٹیم کو ڈنمارک اور فرانس نے بالترتیب 1-0 اور 4-0 سے شکست دی۔ پھر جنوبی افریقا کے ساتھ میچ 2-2 سے برابر کھیلا۔
سال2002 میں جنوبی کوریا اور جاپان میں منعقد ہونے والا عالمی کپ واحد ایڈیشن تھا جس میں سعودی ٹیم کو گروپ مرحلے میں ہی 3 شکستیں ہوئیں۔ ان میں بالترتیب جرمنی سے 8-0، کیمرون سے 1-0 اور آئرلینڈ سے 3-0 سے ہزیمت شامل ہیں۔
سعودی ٹیم نے 2006 کے عالمی کپ کا آغاز تیونس کے ساتھ 2-2 سے میچ برابر کھیل کر کیا۔ اس کے بعد یوکرین اور اسپین سے بالترتیب 4-0 اور 1-0 سے شکست کھائی۔
پھر 12 سال تک گرین ٹیم عالمی کپ سے غائب رہی۔ سال 2018 میں روس میں ہونے والے عالمی ایونٹ کے پہلے میچ میں سعودی عرب کو میزبان ٹیم کے ہاتھوں 5-0 سے شکست اٹھانا پڑی۔ اس کے بعد یوراگوئے سے 1-0 سے ہار کا سامنا ہوا اور پھر مصر کے خلاف 2-1 سے جیت نصیب ہوئی۔
سال 2022 میں قطر میں ہونے والے عالمی کپ کا آغاز سعودی ٹیم نے ارجنٹائن کے خلاف 2-1 سے بڑی اور شان دار جیت کے ساتھ کیا۔ تاہم اس کے بعد پولینڈ اور میکسیکو سے بالترتیب 2-0 اور 2-1 سے مسلسل دو شکستیں ہوئیں۔