.

طوفانی ژالہ باری سے یو اے ای میں تین افراد جاں بحق

"محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید طوفان کی وارننگ جاری، شہری محتاط رہیں"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صحرائی طوفان نے متحدہ عرب امارات میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ صحرائی طوفان کے بعد بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ کئی سڑکوں کو بھی نقصان پہنچاہے۔ کم از کم تین شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔

بعض علاقوں میں ژالہ باری سے سڑکوں پر سفید چادر تن گئی، جس سے برفباری کا گمان ہو نے لگا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ابھی یہ سلسلہ ایک دن مزید جاری رہ سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں راس الخیمہ کے صحرا بھی اس طوفانی بارش میں بھیگ گئے۔

اس علاقے میں اڑتیس اعشاریہ دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سڑکیں بے ہنگم اولوں کا نشانہ بنتی رہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق سات سو پچاس جگہوں پر سڑکوں کو سخت نقصان ہوا ہے۔ اسی دوران کم از کم تین موٹر سوار جاں بحق ہو گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایسے موقع پر زیادہ خطرہ ان موٹر سواروں کے لیے ہوتا ہے جو ایسی صورت حال کا سامنا کرنے کا تجربہ نہیں رکھتے اور پھسلن میں خطرات سے دوچار ہو جاتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں اس طوفان خیز موسم کی عکاسی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز سے بھی خوب ہو رہی ہے۔ کئی تصاویر سے لگتا ہے صحرا میں برفباری ہوئی ہے۔ لیکن یہ ژالہ باری ہے۔

اس طوفانی موسم نے ایک طرح سے امارات کے موسم کو غیر اعتباری سا بنا دیا ہے۔ بعض جگہوں سے گذرنا دشوار ہو گیا۔ کیونکہ امارات میں اس طرح کی صورت حال معمول کا حصہ نہیں ہے اس لیے ڈرینیج کا نظام بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

پولیس کو شہریوں کو خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے انتباہ جاری کیے ہیں۔ کیونکہ ایسی صورتحال میں گاڑی چلانا خطرے سے خالی نہیں جبکہ بیسیوں جگہ سے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں۔ ابھی مزید طوفانی بارش اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔