عراق کی نئی کابینہ کی فہرست آج پارلیمان میں پیش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اپنی کابینہ میں ردو بدل کیا ہے اور وہ آج جمعرات کو پارلیمان میں اپنی نئی کابینہ کی فہرست منظوری کے لیے پیش کررہے ہیں۔

انھوں نے چھے ہفتے قبل اپنے موجودہ وزراء کی جگہ آزاد ٹیکنو کریٹس کو کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انھیں اپنے سیاسی مخالفین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔انھیں خدشہ ہے کہ اس طرح ان کی سیاسی سرپرستی کا نیٹ ورک کمزور پڑ جائے گا کیونکہ وہ اسی کی بدولت گذشتہ ایک عشرے سے دولت کما رہے ہیں اور سیاسی اثرورسوخ اور بالادستی بھی قائم رکھے ہوئے ہیں۔

حیدر العبادی نے بدھ کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ''پارلیمان اپنا ذہن بنائے اور کابینہ میں رد وبدل سمیت اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھائے کیونکہ وہ اور شہری اسی کا مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیں''۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پارلیمان نئی عراقی کابینہ کی منظوری دے گی یا نہیں۔حیدر العبادی نے منگل کے روز ارکان پارلیمان سے جماعتی سیاست دانوں یا آزاد ٹیکنو کریٹس کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے رہ نمائی کی اپیل کی تھی۔پارلیمان کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ کابینہ کے وزراء کا فیصلہ کرنا وزیراعظم کا کام ہے۔

طاقتور شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر وزیراعظم پر اصلاحات کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے وابستگی نہ رکھنے والی شخصیات کو کابینہ میں شامل کریں۔انھوں نے اپنے یہ مطالبات منوانے کے لیے گذشتہ اتوار سے بغداد میں پارلیمان کے نزدیک دھرنا دے رکھا ہے۔ان کے حامیوں نے گذشتہ ہفتے دارالحکومت کے وسط میں دھرنا دیا تھا جس سے پورے شہر میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں