.

نابلس :فلسطینی پولیس کی کارروائی کے دوران چار افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مغربی کنارے کے شہر نابلس میں جمعہ کی صبح فلسطینی پولیس کی اسلحے کی تلاش میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران مسلح جھڑپ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فلسطینی سکیورٹی فورسز کے ترجمان عدنان الدمیری نے بتایا ہے کہ نابلس کے قدیم حصے میں پولیس نے جمعرات کی شب ایک چھاپا مار کارروائی کی تھی۔اس دوران پولیس کا مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا اور یہ سلسلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا تھا۔

نابلس کے گورنر اکرم رجوب نے بتایا ہے کہ فائرنگ اس تبادلے میں دو پولیس اہلکار اور دو مسلح افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ان کے بہ قول یہ دونوں افراد پولیس کو مطلوب تھے۔

واضح رہے کہ 1993ء میں اسرائیل کے ساتھ طے شدہ اوسلو معاہدے کے تحت فلسطینی پولیس مقبوضہ مغربی کنارے کے صرف 18 فی صد علاقے میں کارروائی کی مجاز ہے۔اس علاقے میں نابلس سمیت فلسطین کے بڑے شہر اور قصبے شامل ہیں۔

غربِ اردن کے شمال میں واقع شہروں اور قصبوں میں فلسطینی پولیس نے حالیہ مہینوں کے دوران متعدد چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں۔ان علاقوں میں فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت فتح تحریک کے اپنے مختلف گروپوں کے درمیان بھی لڑائیاں ہوتی رہی ہیں جبکہ اس کے تحت سکیورٹی فورسز کی دوسرے فلسطینی دھڑوں کے ساتھ بھی جھڑپیں ہو چکی ہیں۔