ترکی تیل کی برآمدات کے ضمن میں صرف بغداد حکومت سے معاملہ کرے گا
ترکی نے عراق کو مطلع کیا ہے کہ وہ اس کی خام تیل کی برآمدات کے ضمن میں صرف بغداد حکومت سے معاملہ کاری کرے گا۔
عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے دفتر کے مطابق ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ایک فون کال کے دوران میں حیدر العبادی کو یہ یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ خود مختار عراقی کردستان میں سوموار کو آزادی ریفرینڈم کے انعقاد کے بعد عراقی حکومت نے جو بھی فیصلے کیے ہیں، ترکی ان کی حمایت کرتا ہے۔
بیان کے مطابق ’’ان اقدامات میں تیل کی برآمدات صرف عراقی حکومت کا کام ہوگا‘‘۔تاہم اس بیان میں مزید تفصیل بتائی گئی ہے اور نہ یہ بتایا گیا ہے کہ عراقی کردستان سے خام تیل کی موجودہ برآمدات کے تعلق سے ترکی کیا معاملہ یا فیصلہ کرے گا۔