عراقی ووٹروں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے: مقتدیٰ الصدر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

عراق کے سرکردہ شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر نے پارلیمانی انتخابات میں اپنے اتحاد کی فتح کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ عراقیوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

مقتدیٰ الصدر نے ہفتے کے روز ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے:’’ آپ ( عراقیوں) کا ووٹ ہمارے لیے ایک اعزاز ہے اور یہ ایک ذمے داری بھی ہے ،ہم اس کو اپنے کاندھوں پر اٹھائیں گے‘‘۔

وہ مزید لکھتے ہیں : ’’ ہم آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور الزام انھیں دیں گے جنھوں نے عراق کو ناکام کیا ہے‘‘۔

انھوں نے عراق میں پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج کے اعلان کے ایک روز بعد یہ ٹویٹ کی ہے۔انتخابی نتائج کے مطابق مقتدیٰ الصدر کی قیادت میں سائرون اتحاد نے پارلیمان کی سب سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں۔سائرون اتحاد الصدر تحریک اور کمیونسٹ پارٹی پر مشتمل ہے۔

ان کی اس ٹویٹ کے بعد یہ قیاس آرائی کی گئی ہے کہ ’’اصلاحات کو ناکام بنانے ‘‘ سے ان کا اشارہ وزیراعظم حیدر العبادی کی جانب ہے جو ان کے مطالبے کے مطابق ملک میں اصلاحات میں ناکام رہے تھے۔اس کا ایک مطلب یہ لیا جاسکتا ہے کہ وہ وزیراعظم حیدر العبادی کی قیادت میں نصر اتحاد کو نئی مخلوط حکومت میں شاید شامل نہ کریں۔

واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق سائرون اتحاد نے 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔فتح اتحاد کے حصے میں 47 نشستیں آئی ہیں ۔اس اتحاد میں ایران نواز شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشد الشعبی کے یونٹس بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم حیدر العبادی کی قیادت میں نصر اتحاد نے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

سابق وزیراعظم نوری المالکی کی قیادت میں اسٹیٹ آف لا اتحاد نے 26 اور مسعود بارزانی کی قیادت میں کردستان جمہوری پارٹی نے 25نشستیں جیتی ہیں۔سابق وزیراعظم ایادعلاوی کی قیادت میں اتحاد نے 21 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ شیعہ رہ نما عمار الحکیم کے اتحاد کے حصے میں 19 نشستیں آئی ہیں ۔عراق کے مرحوم صدر جلال طالبانی کی کرد جماعت کے امیدوار 18 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔عراقی پارلیمان کے سابق اسپیکر اسامہ النجیفی کی قیادت میں اتحاد نے 14 نشستیں حاصل کی ہیں۔عراقی پارلیمان کی 329 نشستوں کے انتخاب کے لیے 12 مئی کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ عراق میں داعش کی شکست کے بعد یہ پہلے عام انتخابات تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں