سعودی عرب اور قطر کے درمیان ثقافتی تبادلے کے فروغ کے سلسلے میں قطر کے دار الحکومت دوحہ میں سعودی ثقافت کا ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اس سرگرمی کا انعقاد سعودی وزارت ثقافت نے قطری وزارت ثقافت کے تعاون سے کیا ہے اور اس میں متعدد سعودی ثقافتی انجمنیں شرکت کر رہی ہیں۔
اس سرگرمی کا مقصد سعودی ثقافت کے تنوع کو نمایاں کرنا اور دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔ اس دوران سرگرمیوں سے بھرپور پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان میں پیشہ ورانہ دست کاری کی خصوصی نمائشیں، ادبی سیمینار، موسیقی کی محفلیں، تھیٹر، سعودی پکوان کے تجربات کے علاوہ فیشن شوز، نادر مخطوطے اور فلمیں شامل ہیں۔
رواں سال دست کاری کو خصوصی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے کیوں کہ "دست کاری کا سال 2025" کے منصوبے کی بین الاقوامی سطح پر پہلی شرکت سامنے آئی ہے۔ منصوبے میں اس میدان میں سعودی عرب کا بھرپور ثقافتی ورثہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اسی طرح یہ سرگرمی وژن 2030 پروگرام کی روشنی میں عالمی سطح پر سعودی ثقافت کے مقام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گی۔