سعودی عرب اور شام کی مشترکہ کارروائی، منشیات کی بھاری مقدار ضبط
ریاض کا جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف عزم، شام کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید مضبوط
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ شام کے ساتھ مربوط سکیورٹی تعاون کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے شام میں اپنے ہم منصب ادارے کو مجرمانہ نیٹ ورکس کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں، جن کی بنیاد پر شام میں 2 لاکھ سے زائد نشہ آور ایمفیٹامین گولیوں کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلہوب نے شام کے متعلقہ ادارے کے ساتھ مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت، اپنے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو منشیات کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایسے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا، جو مملکت اور عالمی سکیورٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ پیش رفت سعودی عرب اور شام کے درمیان منشیات کے خلاف سکیورٹی تعاون کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک شامی سکیورٹی وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا تاکہ مملکت کی سکیورٹی حکمت عملی سے استفادہ کیا جا سکے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق، یہ دورہ 14 تا 16 اپریل 2025 کو ہوا، جس کا مقصد شام میں امن و استحکام کے لیے حکومتِ شام کی کوششوں کی حمایت کرنا اور سعودی تجربات سے فائدہ اٹھانا تھا۔