.

نواز شریف اور مریم کا آیندہ جمعہ کو وطن واپس آنے کا اعلان

باپ بیٹی احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے،وطن واپسی پر گرفتاری متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کی ایک احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے آیندہ جمعہ 13 جولائی کو وطن واپس آنے کا اعلان کیا ہے ۔ مریم نواز نے لندن میں ہفتے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کے والد وطن واپسی پر احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے جمعہ کو میاں نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرینس کیس میں دس سال ، مریم نواز کو سات سال اور ان کے خاوند ریٹائرڈ کپتان محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔دونوں باپ بیٹی پر بالترتیب 80 لاکھ پاؤنڈز اور 20 لاکھ پاؤنڈز جرمانہ بھی عاید کیا گیا ہے۔

مریم نواز سے جب صحافیوں نے یہ سوال کیا کہ کیا انھیں ان کے وکلاء نے اس بات سے مطلع کردیا ہے کہ انھیں کسی بھی قسم کا ریلیف حاصل کرنے کے لیے خود کو دس روز میں حکام کے حوالے کرنا ہوگا تو انھوں نے کہا ’’ ہم ان دس روز کی مدت ختم ہونے سےقبل ہی وطن لوٹ جائیں گے‘‘۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) اس بات سے آگاہ ہے کہ ایون فیلڈ جائیداد وں کو ضبط نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان کی خریداری کے عمل میں برطانیہ کا کوئی قانون نہیں توڑا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اگر برطانیہ میں حکام کوئی کارروائی کرتے ہیں تو اس کا شریف خاندان ہی کو فائدہ ہوگا کیونکہ تحقیقات سے معاملات بالکل واضح ہوجائیں گے۔احتساب عدالت نے پارک لین لندن میں واقع شریف خاندان کے ملکیتی ان تین فلیٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

مریم نواز کے متبادل امیدوار

احتساب عدالت کے فیصلے کے تحت مریم نواز کی نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز نے ان کی جگہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 سے علی پرویز اور صوبائی حلقہ پی پی 173 سے ملک عرفان شفیع کھوکھر کو اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔مریم نواز ان دونوں حلقوں سے ن لیگ کی امیدوار تھیں۔

علی پرویز پی ایم ایل این لاہور کے صدر اور سابق رکن اسمبلی پرویز ملک کے بیٹے ہیں۔انھوں نے اس حلقے سے مریم نواز کے کورنگ امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اور واپس نہیں لیے تھے۔پہلے انھیں ٹی وی کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا لیکن اب وہ پارٹی ٹکٹ ملنے کے بعد شیر کے نشان پر 25 جولائی کو عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک عرفان شفیع کھوکھر پی ایم ایل این کے ایک رہ نما اور سابق رکن اسمبلی افضل کھوکھر کے عزیز ہیں۔

ادھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 مانسہرہ سے مریم نواز کے خاوند محمد صفدر اعوان کی نااہلی کے بعد ان کے بھائی سجاد اعوان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔نیب نے احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد محمد صفدر کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم مانسہرہ روانہ کردی گئی ہے۔نیب نے اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔