صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں ہونے والے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 14 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا سیٹلائٹ ٹائون کے علاقے غوث آباد میں واقع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے موقع پہنچیں اور علاقے کو تمام قسم کی آمد ورفت کیلئے سیل کردیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر بھی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں دو شہری جاں بحق جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ میں مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔