پاکستان کے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل کا جواں سال صاحبزادہ عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا ہے۔
ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل نے سینے پر گولی مار کر خود کشی ہے۔ ان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خود کشی کرنے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آ سکیں، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر عاصم جمیل کو قتل کرنے کے حوالے سے بھی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ مولانا طارق جمیل نے خود اپنے بیٹے کی حادثاتی موت کی تصدیق کر دی ہے مگر یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے خود کشی کی ہے یا قتل کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مولانا طارق جمیل نے کہاکہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہو گیا ہے اور اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے اپیل کی کہ غم کے موقع پر اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ میرے بیٹے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی اچانک موت کی خبر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے، ایک ’ایکس‘ صارف نے دعویٰ کیا کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کو تلمبہ میں قتل کر دیا گیا ہے۔