پاک فوج اور سعودی شاہی بری فورسز کے مشترکہ عسکری تربیتی پروگرام کا آغاز
’’مشترکہ عسکری ٹریننگ سے دونوں ممالک کی افواج کے دستوں کو اجتماعی جنگی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا‘‘
پاکستانی فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری تربیتی پروگروام کا آغاز ہو گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’ملتان کور کے زیر اہتمام اوکاڑہ گیریژن میں پاک فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا۔‘
جاری کیے گئے بیان کے مطابق مشترکہ ٹریننگ کے آغاز پر دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے بہترین عسکری ڈرل پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی پرچم کی رونمائی کے دوران قومی ترانوں کی دھُن بھی بجائی گئی۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گیریژن کمانڈر تھے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ تقریب کے مہمان خصوصی گیریژن کمانڈر نے دونوں ملکوں کی افواج کے افسروں اور جوانوں کو ٹریننگ کے بیجز لگائے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مشترکہ عسکری ٹریننگ سے دونوں ممالک کی افواج کے دستوں کو اجتماعی جنگی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔