یقینی تباہی سے بچاؤ ... مصری ڈرائیور کے دلیرانہ اقدام کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
واقعہ حقیقی ہے لیکن وڈیو کا صرف پہلا حصہ مصنوعی ذہانت سے بنایا گیا
ایک ایسے منظر میں جس نے لاکھوں لوگوں کی سانسیں روک دیں اور جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ انسانی بہادری میں بدل گیا، مصر میں ایک ٹرک ڈرائیور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر چھا گیا۔ اس نے "دمياط – الغربيۃ" ایکسپریس وے پر ایک لدی ہوئی ٹرانسپورٹ گاڑی کو الٹنے سے بچانے اور ایک یقینی تباہی کو روکنے کے لیے تیز رفتاری اور شجاعت سے مداخلت کی۔
نہایت وسعت کے ساتھ وائرل ہونے والے وڈیو کلپ میں "جمبو" ماڈل کی ایک ٹرانسپورٹ گاڑی کا پچھلا ٹائر پھٹنے کے بعد اس کے جھکنے، توازن بگڑنے اور گرنے کے قریب پہنچنے کو دکھایا گیا جو ایک بڑی تباہی کا سبب بن سکتا تھا، ساتھ ہی اس میں اتفاقاً پیچھے سے آنے والے ایک اور ٹرک ڈرائیور کی مہارت اور دانش مندی سے صورتحال کو سنبھالنے کی بھی عکاسی کی گئی۔
اس بہادر ڈرائیور نے چند سیکنڈوں میں اپنے وزنی ٹرک کو آگے بڑھایا تاکہ وہ اپنے "ٹریلر" کے حصے کو ترچھا کر کے دوسرے ٹرک کو اس کا سہارا دے سکے، جس سے اس نے اسے گرنے سے روکا اور راہ گیروں نیز گاڑی چلانے والوں کو ایک ایسے دہلا دینے والے حادثے سے بچا لیا جو کئی جانیں لے سکتا تھا اور تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔
مکمل کہانی
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے شمالی مصر کے صوبے دمياط سے تعلق رکھنے والے عماد نامی اس بہادر ڈرائیور نے مکمل کہانی کا انکشاف کیا اور باور کرایا کہ واقعہ بالکل سچا ہے، تاہم وڈیو کا صرف پہلا حصہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ہے جبکہ باقی کلپ بالکل اصلی اور حقیقی ہے۔
اس نے مزید بتایا کہ وہ اتفاقاً ٹرک کے پیچھے چل رہا تھا اور اس نے پورا ماجرا دیکھا، جس پر اس کے ذہن میں یہ بات آئی کہ وہ ٹرک کے ساتھ ساتھ گاڑی چلائے تاکہ اسے گرنے سے روکا جائے اور کسی تباہی سے بچا جا سکے۔
عماد نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ واقعہ دو روز پہلے پیش آیا تھا اور اس نے دوسرے ٹرک کے مکمل طور پر رکنے اور ڈرائیور کے ٹائر تبدیل کرنے تک اس کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ عماد کا مزید کہنا تھا کہ اسے یہ توقع بالکل نہیں تھی کہ کسی راہ گیر نے اس واقعے کو کیمرے میں محفوظ کر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا ہو گا جس سے یہ تمام پلیٹ فارمز پر نمایاں ہو گیا۔
ڈرائیور کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر سراہا گیا اور زبردست پذیرائی ملی، جہاں صارفین نے اس بات پر زور دیا کہ ایک انتہائی خطرناک صورت حال پر قابو پانے میں اس کی دانش مندی اس حقیقی جوانمردی کو ظاہر کرتی ہے جو کسی شکر گزاری یا شہرت کی محتاج نہیں ہوتی۔ ساتھ ہی لوگوں نے اس کی شجاعت پر اسے اعزاز سے نوازنے کا مطالبہ بھی کیا۔