ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد آمد
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پرتپاک خیر مقدم، مسلح افواج کے چاک چوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی وزیر اعظم ہائوس آمد پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ایرانی صدر کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
قبل ازیں وزیر اعظم ہائوس آمد پر ایرانی صدر کا وزیراعظم نے پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنمائوں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خیر سگالی کلمات کا تبادلہ کیا جس کے بعد فوٹو سیشن ہوا۔
استقبالیہ تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے چاق چوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیر اعظم نے ایران کے صدر کا نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر ہائوسنگ ریاض حسین پیرزادہ، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ سمیت وفاقی کابینہ کے اراکین احمد چیمہ، علی پرویز ملک، ہارون اختر خان، طارق فاطمی سمیت اعلیٰ حکام سے تعارف کروایا۔
بعد ازاں ایران کے صدر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپنے کابینہ اراکین کا تعارف کرایا۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیر اعظم ہائوس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے باہمی روابط کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔