پاکستان فضائیہ کے سینیئر افسر اتوار کو وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ایک خاتون کو بچاتے ہوئے فائرنگ سے جان سے چلے گئے جبکہ ملزم موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے نائنتھ ایونیو میں انسانیت اور بہادری کی ایک دل دہلا دینے والی مثال سامنے آئی جہاں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم وہاں سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی کرتے دیکھا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی روکی اور خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔
واقعے کے دوران خاتون بھاگ کر گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کے دوسری جانب آ گئی۔ اسی اثنا میں موٹرسائیکل سوار، جس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی ہے، نے مبینہ طور پر گروپ کیپٹن عاصم سے تلخ کلامی کی اور اچانک فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔
خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم سعد اسی کے دفتر میں ملازم ہے۔ اس کے مطابق ملزم نے صبح اسے دفتر چھوڑنے کی پیشکش کی، تاہم راستے میں اس نے راستہ تبدیل کر دیا اور مبینہ طور پر اسے کسی دوسری جگہ لے جانے کی کوشش کی۔
خاتون کے مطابق جب اس نے مزاحمت کی تو ملزم نے اس کے ساتھ زبردستی شروع کر دی، اسی دوران گروپ کیپٹن عاصم موقع پر پہنچے اور اس کی مدد کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
شہید گروپ کیپٹن عاصم اپنے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو چھوڑ گئے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں ’گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔‘
اسلام آباد، شاہین چوک کے قریب فائرنگ، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خاتون کو بچانے کے دوران ائرفورس کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہار افسوس
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) July 5, 2026
وزیرداخلہ کا گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار
وزارت داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری تعزیتی بیان میں محسن نقوی نے عاصم طارق کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شہری گروپ کیپٹن عاصم کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔