30 مئی 2023 کو شنگھائی میں نیو ڈویلپمنٹ بینک کے آٹھویں سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں برکس کے رکن ممالک کے پرچم۔ (اے ایف پی)
الجزائر نے برکس نیو ڈیولپمنٹ بینک میں شمولیت اختیار کر لی
بینک کی رکنیت کے لیے منظوری حالیہ شاندار معاشی کارکردگی کی بدولت ملی: وزارتِ خارجہ
الجزائر کی وزارتِ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک کو برکس نیو ڈیولپمنٹ بینک (این ڈی بی) کی رکنیت کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ہفتے کے روز کیا گیا اور اس کا اعلان این ڈی بی کی سربراہ دِلما روسیف نے جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن میں ایک اجلاس میں کیا۔
الجزائر کی وزارتِ خزانہ نے ایک بیان میں کہا، "برکس گروپ کے مالیاتی بازو یعنی اس اہم ترقیاتی ادارے میں شامل ہو کر الجزائر عالمی مالیاتی نظام میں اپنے انضمام کے عمل میں ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے۔"
برکس گروپ جس کا نام بانی ممبران برازیل، روس، انڈیا، چین اور جنوبی افریقہ کے ابتدائی ناموں سے اخذ کیا گیا ہے، اس کے بینک کا مقصد عالمی بینک اور آئی ایم ایف جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا متبادل پیش کرنا ہے۔
وزارتِ خزانہ نے کہا کہ الجزائر کی رکنیت "ملک کے معاشی اشاریوں کی مضبوطی" کی بدولت حاصل ہوئی جنہوں نے "حالیہ برسوں میں قابلِ ذکر کارکردگی" ریکارڈ کی ہے اور شمالی افریقی ملک کی "اعلیٰ درجے کی ابھرتی ہوئی معیشت" کے طور پر درجہ بندی کرنا ممکن بنایا۔
وزارت نے مزید کہا، افریقہ کے قدرتی گیس کے سب سے بڑے برآمد کنندہ ملک الجزائر کو برکس بینک کی رکنیت سے "درمیانی اور طویل مدت میں اپنی اقتصادی ترقی کو سہارا دینے اور مضبوط کرنے کے نئے امکانات" ملیں گے۔
2015 میں تخلیق کردہ این ڈی بی کا بنیادی مقصد ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل کو متحرک کرنا ہے۔ اس نے مصر، متحدہ عرب امارات، ایران اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک کو نئے ارکان کے طور پر خوش آمدید کہا ہے۔