امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدے دار نے جمعرات کو بتایا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا نیا دور 14 اور 15 مئی کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عہدے دار نے تصدیق کی کہ یہ بات چیت آئندہ ہفتے جمعرات اور جمعے کے روز ہو گی۔
دوسری جانب "العربیہ/الحدث" کے ذرائع کے مطابق لبنان نے امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت میں حالیہ اضافہ امن کی کوششوں کے لیے خطرہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنان نے اس حوالے سے واشنگٹن کو باقاعدہ پیغامات بھیجے ہیں جن میں اسرائیلی اشتعال انگیزی پر سخت احتجاج کیا گیا ہے۔
لبنانی صدر جوزف عون نے واشنگٹن پر واضح کر دیا ہے کہ جب تک اسرائیلی جارحیت جاری ہے، وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات نہیں کریں گے۔ لبنان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی معاندانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ جواب میں واشنگٹن نے لبنان کو یقین دلایا ہے کہ وہ اسرائیل کو تحمل کی ترغیب دے گا اور مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کرے گا۔