ریاض میں سعودی و ترک وزرائے خارجہ کی ملاقات، علاقائی امور اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال
ریاض میں اتوار کے روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی،جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
یہ ملاقات سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس کی صدارت دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر کی۔ العربیہ/الحدث کے نمائندے کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل دراصل خادم الحرمین الشریفین اور ترک صدر طیب ایردوآن کی خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے، جو دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو ایک نئی بلندی تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کونسل اور اس سے منسلک ذیلی کمیٹیاں دونوں ملکوں کے درمیان عملی تعاون کو ایک مؤثر اور منظم فریم ورک فراہم کرتی ہیں۔
سعودی-ترکیہ رابطہ کونسل درحقیقت ایک تعاون پر مبنی میکانزم ہے جسے 2016ء میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی زیرِ قیادت قائم کیا گیا تھا، تاکہ دوطرفہ تعلقات کو ایک ادارہ جاتی اور جامع دائرہ کار میں دیکھا جا سکے۔
کونسل کا پہلا اجلاس 7 اور 8 فروری 2017 ءکو ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہوا تھا۔
یہ کونسل پانچ ذیلی کمیٹیوں پر مشتمل ہے، جن میں دونوں ملکوں کے متعلقہ ادارے شامل ہیں۔ ان کمیٹیوں میں درج ذیل شعبے شامل ہیں۔ سفارتی و سیاسی امور، عسکری و سکیورٹی تعاون، ثقافت، کھیل، میڈیا اور سیاحت، سماجی، صحت اور تعلیمی ترقی، جبکہ پانچویں کمیٹی تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور توانائی جیسے شعبوں پر مشتمل ہے۔