سعودی وزیر ثقافت نے "جامعہ ریاض برائے فنون" کے قیام کا اعلان کر دیا
جامعہ میں 13 کلیات ہوں گی
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی "جامعہ ریاض برئے فنون" کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ یہ جامعہ قومی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دے کر ثقافت اور فنون کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
یہ اعلان وزیر ثقافت نے "ثقافتی سرمایہ کاری کانفرنس 2025" میں خطاب کے دوران کیا۔ وزارتِ ثقافت کے مطابق جامعہ کا ہدف ہو گا کہ وہ ثقافت و فنون میں دنیا کی 50 بہترین جامعات میں شامل ہو۔ اس مقصد کے لیے وہ بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت میں جدید نصاب اور تعلیمی پروگرام پیش کرے گی جو نظری اور عملی پہلوؤں کو یکجا کریں گے، جب کہ تفصیلی منصوبہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں جاری کیا جائے گا۔
اس جامعہ کا وژن آئندہ نسلوں کو علم و ہنر کے امتزاج سے متاثر کرنا، طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دریافت کرنے اور نکھارنے کا موقع دینا اور تخلیقی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا ہے۔ اس کا مشن فنون و ثقافت کے لیے ایک متحرک تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، جو مقامی و عالمی ثقافتی تعامل کو تقویت دے۔
جامعہ میں فنون کی 13 کلیات ہوں گی جن میں تھیٹر، موسیقی، ثقافتی نظم و نسق، بصری فنون، عکاسی، ڈیجیٹل آرٹس اور تاریخِ فن جیسے مضامین شامل ہوں گے۔ آغاز میں تین بڑی کلیات ... تھیٹر و پرفارمنگ آرٹس، موسیقی اور فنون ... کے تحت تدریسی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ جامعہ میں ڈپلوما، بیچلرز، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی سطح کے پروگراموں کے علاوہ مختصر مدت کے کورسز بھی پیش کیے جائیں گے۔