ایران کی جارحیت خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی سنگین خطرہ ہے : سعودی وزیر داخلہ
انھوں نے باور کرایا کہ سکیورٹی کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی خطرے کے خلاف سخت موقف اپنانے کی ضرورت ہے
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے خطے کے ممالک پر ایرانی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ایرانی معاندانہ حملوں کے سلسلے کا کسی بھی بہانے سے جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے ان معاندانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکت کی جانب سے ان کے مسترد کیے جانے کا اظہار کیا جن کی وجہ سے شہریوں اور اہم ترین بنیادی ڈھانچے کو بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ جارحیت خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی سنگین خطرہ ہے۔
گذشتہ روز سعودی دفاعی نظام نے چند گھنٹوں کے دوران 16 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی کارروائی مکمل کی، جو خطے میں جاری جنگ کے پانچویں ہفتے کے دوران سعودی عرب کو نشانہ بنانے میں شدت لانے کے ایرانی اصرار کا مظہر ہے۔
عرب وزرائے داخلہ کونسل کے 43 ویں اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر داخلہ نے اس جانب توجہ دلائی کہ خطے کے امن و استحکام کو غیر مستحکم کرنے پر ایران کا اصرار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے عرب ممالک کی خود مختاری اور ان کے عوام کی سلامتی کو متاثر کرنے والے کسی بھی خطرے کے خلاف سخت موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عصرِ حاضر کے سکیورٹی چیلنجوں اور بدلتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے عرب عملی نظام کو ترقی دینا ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے، تاکہ پائیدار اور جامع امن کا حصول ممکن ہو سکے۔