سات مئی 2026 کو شمالی اسرائیل میں ایک پوزیشن پر سرحد کے اس پار سے اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی جنوبی لبنان کی تباہ شدہ عمارات کے قریب سے گذرتی نظر آ رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان کے دریائے لیطانی کے ساتھ چھاپہ مار کارروائیاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا ہے کہ اس کے فوجیوں نے جنوبی لبنان میں دریائے لیطانی کے علاقے میں کئی دنوں تک چھاپہ مار کارروائی کی جہاں جنگ بندی کے باوجود حزب اللہ کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ایک بیان میں فوج نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران فوجیوں نے "لیطانی کے علاقے سے دہشت گردوں کا بنیادی ڈھانچہ ختم کرنے اور علاقے میں آپریشنل کنٹرول قائم کرنے کے لیے ایک خصوصی آپریشن کیا تھا۔"

بتایا گیا ہے کہ فوجی اسرائیلی اعلان کردہ "زرد لکیر" کے جنوب میں کام کر رہے تھے جو سرحد کے شمال میں تقریباً 10 کلومیٹر (چھے میل) تک چلتی ہے اور جہاں اسرائیلی افواج تعینات ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ افواج دریائے لیطانی سے آگے بڑھی ہیں اور زوطر الشرقیہ قصبے کے مضافات میں کارروائی کر رہی ہیں۔

اے ایف پی کے استفسار پر اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرنے سے قاصر تھی کہ آیا فوجیوں نے لیطانی کو عبور کیا تھا لیکن اس نے آپریشن کی تصاویر شائع کیں جن میں فوجیوں کو دریا سے گذرنے والے پل پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فوج کی شائع کردہ دیگر تصاویر میں ٹینک اور فوجیوں کو دریا کے کنارے کام کرتے دکھایا گیا ہے۔

فوج نے کہا، "آپریشن کے دوران فوجیوں نے حزب اللہ کے دہشت گردوں کے زیرِ استعمال احاطے، زیرِ زمین سرنگوں کے راستے جن میں بڑی مقدار میں ہتھیار موجود تھے، ہتھیار ذخیرہ کرنے کے مقامات اور میزائل لانچرز تلاش کیے۔" فوج نے مزید کہا کہ اس نے 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ فضائی مدد کے ہمراہ فوجیوں نے "قریبی لڑائی میں درجنوں دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا۔"

اسرائیل اور لبنان کے درمیان 17 اپریل سے جنگ بندی کے باوجود فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت نے منگل کو اے ایف پی کو بتایا کہ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 380 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس دوران جنوبی لبنان میں لڑائی میں اس کے پانچ فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

منگل کو ایک الگ بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے "اسرائیلی فضائیہ کے طیارے کی طرف زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغنے کی ناکام کوشش" کی نشاندہی کی لیکن اس میں کوئی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان افیخائے ادرعی نے منگل کو جنوبی لبنان کے کئی دیہات کے لیے انخلاء کی تازہ وارننگ جاری کی۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں