مسلم عازمین 10 مئی 2024 کو مکہ میں حج سے قبل جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ رہے ہیں۔ (اے ایف پی/ فائل)
پاکستان کا قبل از حج فلائٹ آپریشن شروع، پہلی پرواز کراچی سے روانہ
تقریباً ایک لاکھ اسی ہزار پاکستانی حجِ بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے
سندھ ڈائریکٹوریٹ آف حج نے بتایا کہ پاکستان نے ہفتے کے روز قبل از حج فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا اور پہلی پرواز پی ایف-7700 کراچی سے مدینہ منورہ کے لیے 160 حجاج کو لے کر روانہ ہوئی۔
سعودی عرب نے اس سال پاکستان کے لیے 179,210 عازمینِ حج کا کوٹہ مختص کیا ہے۔ ان میں سے تقریباً 118,000 نشستیں سرکاری سکیم اور باقی نجی ٹور آپریٹرز کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
ہفتہ کی صبح گورنر سندھ نہال ہاشمی اور دیگر وفاقی و صوبائی حکام نے کراچی سے روانہ ہونے والی ایئرسیال کی افتتاحی حج پرواز کے مسافروں کو رخصت کیا۔
سندھ ڈائریکٹوریٹ آف حج نے ایک بیان میں کہا، "کل 160 عازمینِ حج کو دعاؤں اور نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا گیا۔"
پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے اس ہفتے کہا ہے کہ کل 660 عازمین 18 اپریل کو تین پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں جو ملک کے قبل از حج فلائٹ آپریشن کے آغاز کی علامت ہے۔
پاکستان کے حج آپریشن کے لیے مدینہ ڈائریکٹر زاہد سہیل نے کہا کہ تمام انتظامات "مناسب منصوبہ بندی سے" کیے گئے تھے۔
یہ آپریشن 21 مئی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
وزارت نے حجاج کرام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں، روانگی کے اوقات اور ائیرپورٹس کے بارے میں معلومات تک رسائی کے لیے "پاک حج 2026" موبائل ایپ استعمال کریں۔