پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ 18 اپریل سے شروع کی جانے والی حج پروازوں کے سلسلے میں 660 عازمین حج پہلی کھیپ کی صورت میں مدینہ پہنچیں گے۔ پہلے روز جانے والے یہ عازمین حج تین ختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان سے روانہ ہوں گے۔
سعودی عرب نے رواں سال میں حج کی ادائیگی کے لیے پاکستان کو 179210 عازمین حج کے لیے کوٹہ دیا۔ ان میں سے 118000 سرکاری سکیم کے تحت پاکستانی حج پر روانہ ہوں گے۔ جبکہ بقیہ کوٹہ نجی حج آپریٹرز کو دیا گیا ہے۔
دریں اثناء مدینہ میں حج ڈائریکٹوریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں پاکستان سے آنے والے عازمین حج کی آمد سے پہلے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹڑ حج برائے مدینہ زاہد سہیل اور مکہ کے لیے کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں میڈٰکل مشن کے سربراہ کرنل محمد توقیر بھی شریک تھے۔
حکام نے حج انتظامات کا جائزہ لیا۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ سہولیات پاکستانی عازمین کو میسر ہو اور ان کا حج بحفاظت اور آسانی سے ممکن ہو سکے۔
ڈائریکٹر حج زاہد سہیل نے کہا تمام انتظامات مکمل ہیں اور ہر چیز کو کمپیوٹرائزڈ انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔ عازمین حج کے لیے کمروں کی فراہمی کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔
دریں اثناء وزارت حج و مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ پاک حج 2026 کے لیے تیار کر دہ موبائل ایپ کا استعمال کریں اور اپنے آپ کو اپ ڈیٹ رکھیں۔
یاد رہے رواں سال حج کے لیے اخراجات کا اندازہ 1150000 روپے سے 1250000 روپے تک ہے۔ حج سے پہلے پاکستانی پروازوں کا سعودی عرب روانہ ہونے کا یہ سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا۔