.

معذور امریکی صحافی ڈونلڈ ٹرمپ کی اداکاری کا ہدف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی حزب اختلاف ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ خبروں میں رہنے کا فن خوب جانتے ہیں اور اس فن کو موقع ومحل کی مناسبت سے برتتے سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔ انھوں نے اگلے روز نیو یارک ٹائمز سے وابستہ ایک معذور رپورٹر کا بھرے جلسے میں مذاق اڑایا ہے اور اس کی بے توقیری کی ہے۔

لیکن اب انھوں نے اس کی تردید کی ہے کہ انھوں نے نیویارک ٹائمز کے معذور رپورٹر کے بارے میں کچھ کہا تھا اور اس کے انداز میں اپنا بازو لہرایا تھا یا اس کے بولنے کے انداز میں تقریر کے دوران ہکلائے تھے۔

ارب پتی رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اور سابق ٹی وی اسٹار ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولینا میں منگل کے روز ایک ریلی میں 11 ستمبر 2001ء کو نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملوں کے حوالے سے تقریر کے دوران یہ اداکاری کی تھی جس سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔

انھوں نے نیویارک ٹائمز کے تحقیقاتی رپورٹر سرگی کووالسکی کا خاص طور پر ان کی ایک اسٹوری کے حوالے سے تذکرہ کیا تھا۔ اس وقت وہ واشنگٹن پوسٹ کے نمائندے تھے اور انھوں نے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ حکام نے اپنی چھتوں پر ورلڈ ٹریڈ سنٹر کی تباہی پر خوشی منانے والے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا تھا لیکن اس خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی''

کووالسکی نے سی این این کے ساتھ اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ''انھوں نے کسی کو یہ کہتے ہوئے نہیں سنا تھا کہ خوشیاں منانے والے لوگوں کی تعداد ہزاروں یا پھر سیکڑوں میں تھی۔ایسا معاملہ نہیں تھا''۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں اس رپورٹرکا نام لیے بغیر الزام عاید کیا ہے کہ اب وہ اپنی اسٹوری سے منحرف ہوگئے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ مجھے کچھ یاد نہیں رہا ہے کہ میں نے کیا کہا تھا۔اس کے بعد انھوں نے نیویارک ٹائمز کے اعصابی مسائل کا شکار رپورٹر کی نقل اتاری اور اس کی طرح اپنے بازو کو ٹیڑھا میڑھا کیا اور ہکلانے کے انداز میں گفتگو کی ہے۔

نیویارک ٹائمز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اس حرکت کے ردعمل میں جمعرات کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے:''ہمارے خیال میں یہ اشتعال انگیزی ہے کہ ہمارے ایک رپورٹر کی ظاہری جسمانی ہیئت کا اس طرح مضحکہ اڑایا جائے''۔

ٹرمپ نے اس کے ردعمل میں سوشل میڈیا پر کووالسکی کی معذوری کا مذاق اڑانے سے انکار کیا ہے اور کہا کہ ''میں تو ان صحافی صاحب کو جانتا تک نہیں کہ وہ معذور بھی ہیں کیونکہ میں ان کے بارے میں کچھ نہیں جانتا ہوں۔ اس لیے میں نے یقینی طور پر ان کے بارے میں بھی کچھ نہیں کہا ہے''۔انھوں نے کووالسکی پر الزام عاید کیا ہے کہ ''وہ اپنی معذور کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہے ہیں''۔

کووالسکی نے نیویارک ٹائمز کے ساتھ انٹرویو میں اس یقین اظہار کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انھیں اس وقت سے جانتے ہیں جب وہ 1980ء کے عشرے میں نیویارک ڈیلی نیوز میں کام کیا کرتے تھے اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کی خبریں شائع کیا کرتے تھے۔انھوں نے کہا کہ انھیں اس بات پر افسوس ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس حد تک گر جائیں گے۔