’صحاح ستہ‘ یعنی احادیث مبارکہ کی چھے صحیح ترین کتب میں ایک ’سنن ابی داؤد‘ ہے۔ احادیث مبارکہ کی یہ کتاب مشہور محدث ابو داؤد سلیمان بن اشعث الازدی نے مرتب کی تھی۔
امام ابو داؤد تیسری صدی ہجری میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے اپنے دور کے کئی انقلابات کو آنکھوں سے دیکھا۔ ان کے معاصر علماء و محدثین میں امام بخاری اور امام مسلم جیسے جلیل القدر محدثین بھی شامل ہیں۔
ابتدائی زندگی
امام ابو داؤد سنہ 202 ہجری بمطابق 817ء میں پیدا ہوئے اور 275 ھ بمطابق 888 میں انتقال کیا۔ امام ابو داؤد سجستان موجودہ سیستان میں پیدا ہوئے تھے مگر وہ بلوغت کو پہنچنے کے بعد تحصیل علم کے لیے دنیا کے دوسرے مسلمان خطوں میں بھی سفر کرتے رہے۔ انھوں نے حصول علم اور علماء کی صحبت اختیار کرنے کے لیے مصر، شام، عراق اور خراسان کے سفر کیے۔
انھوں نے بصرہ، کوفہ،دمشق ، بغداد اور بلخ سمیت کئی شہروں میں نامور محدثین سے احادیث اور علم حدیث حاصل کیا۔ ان کے اساتذہ میں سر فہرست امام بخاری ہیں۔
کتاب السنن
امام ابو داؤد نے اپنی مشہور کتاب ’السنن‘ مرتب کرنے کے بعد وقت کے امام احمد بن حنبل کے سامنے پیش کی۔ انھوں نے اس کتاب کی تحسین کی۔
اس کتاب میں امام ابو داؤد نے نہ صرف صحیح احادیث جمع کیں بلکہ حسن ، ضعیف اور محتمل احادیث کا ذخیرہ جو دوسروں نے ترک کردیا تھا اس میں جمع کیا۔ انھوں ںے مجموعی طور پر 5 لاکھ احادیث میں سے 4800 کو چھان پھٹک کے بعد سنن میں شامل ہیں۔
کتاب السنن میں امام ابو داؤد نے ان احادیث کو بھی شامل کیا جنھیں فقہاء فقہی مسائل کے استنباط کے لیے بطور ماخذ استعمال کرتے تھے۔ اس میں انھوں نے علماء کے احکام، احکام حدیث کے ساتھ ساتھ زہد اور فضائل کی تمام احادیث بھی شامل ہیں۔
امام ابو داؤد نے کتاب السنن کو ابواب کی شکل میں مرتب کیا۔ انہوں نے کل 35 کتابوں میں 1871باب باندھے۔ ان میں مرفوع اور موقف احادیث، آثار صحابہ، علماء اور تابعین کو بھی شامل کیا ہے۔
وہ اس کتاب کے بارے میں خود لکھتے ہیں کہ ’’میں نے اس میں کوئی انتہائی کمزور حدیث شامل نہیں، اس میں جو بھی بیان ہوا ہے وہ مفید کےسوا کچھ نہیں‘‘۔
سنن کی شروحات
امام ابو داؤد کی مرتب کردہ سنن ابی داؤد کی مختلف علماء نے شرحیں لکھیں۔ ان میں ابو سلیمان الخطابی المتوفیٰ سنہ 388 کی’معالم السنن‘ اور امام السیوطی المتوفیٰ 911ھ کی السیوطی اور السندی المتوفیٰ 1138ھ کی السندی شامل ہیں۔
امام ابو داؤد کی دیگر تالیفات
سنن ابی داؤد کے علاوہ بھی امام ابو داؤد نے متعدد کتب تالیف کیں جو ان کی علمی وسعت پر دلالت کرتی ہیں۔ ان میں المصاحف، العدد، المراسیل مع الاسانید، الناسخ والمنسوخ، الدعا، الزھد، دلائل النبوۃ وغیرہ شامل ہیں۔
وفات
امام ابو داؤد سنہ 275ھ میں بصرہ میں فوت ہوئے۔ ان کی پوری زندگی تدوین حدیث میں گذری۔ امام ابو داؤد ایک عالم با عمل تھے۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے ابو بکر نے والد کی علمی میراث سنبھالی اور والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تالیف و تصینف کا سلسلہ جاری رکھا۔