فلسطینی جڑواں اور جڑی ہوئی بچیوں کو علاج کے لیے الریاض منتقل کرنے کی ہدایت
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطینی جڑواں اور جڑی ہوئی نوزائیدہ بچیوں حنین اور فرح کو علاج کی غرض سے غزہ سے دارالحکومت الریاض منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ان عجیب الخلقت جڑواں بچیوں کی گذشتہ اتوار کو غزہ میں پیدائش ہوئی تھی۔
شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر ان جڑواں اور آپس میں جڑی ہوئی فلسطینی بچیوں کو علاج کے لیے غزہ سے شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی الریاض میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں انھیں ایک دوسری سے جدا کرنے کے امکان اور طریق کار کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان بچیوں کے ڈاکٹر اور خاندان کے ایک فردنے قبل ازیں کہا تھا کہ انھیں علاج کے لیے غزہ سے کہیں اور منتقل کرنے کی ضرورت ہے جہاں جدید اور بہتر طبی سہولتیں دستیاب ہوں اور ان کی زندگیوں کو بھی بچایا جا سکے۔
شفا اسپتال غزہ کے نوزائیدہ بچوں کے یونٹ کے سربراہ علام ابو حمدہ کا کہنا ہے کہ ان دونوں بچیوں کی صورت حال بہت ہی پیچیدہ ہے اور ان کا غزہ میں علاج ممکن نہیں ہے اس لیے ہمیں توقع ہے کہ انھیں ایک دوسرے سے جد ا کرنے کے لیے سرجری کی غرض سے بیرون ملک منتقل کردیا جائے گا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا ہے کہ دونوں جڑواں پیٹ سے آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔ان کی ٹانگ بھی ایک، ایک ہے اور بعض اندرونی اعضاء بھی مشترک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے ٹھیک ٹھیک طبی ٹیسٹوں کی ضرورت ہے تاکہ ان کے مشترکہ اعضاء کا تعیّن ہوسکے اور پھر انھیں جدا کرنے کے امکان کا جائزہ لیا جاسکے۔