.

غسل کعبہ شریف کی ایمان افروز تقریب میں شہزادہ خالد الفیصل کی شرکت

گورنر مکہ مکرمہ نے تقریب میں خادم الحرمین الشریفین کی نمائندگی کرتے ہوئے کعبہ شریف کو غسل دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے خادم الحرمین الشریفین کی نمائندگی کرتے ہوئے کعبہ شریف کو غسل دینے کی سادہ مگر ایمان افروز تقریب میں شرکت کی-

شہزادہ خالد الفیصل نے سالانہ معمول کے مطابق عرق گلاب سے معطر آب زمزم سے غسل کعبہ کی رسم انجام دی- اس موقع پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے-

غسل کعبہ کی رسم میں گورنر مکہ کے ہمراہ مسجد الحرام و مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، منتخب ممتاز علما اور کنجی برداران کعبہ بھی شریک ہوئے- شیخ الشعیبی پیش پیش تھے-

یہ تقریب بارش کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی- تاہم عشا کی نماز کے بعد غسل کعبہ کی رسم نہایت سادگی سے انجام دی گئی- پہلی بار اس موقع پر غیر ملکی سفرا اور مہمانوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا-

شہزادہ خالد الفیصل نے غسل کعبہ کی رسم ادا کرکے دو رکعت نماز ادا کی- انہوں نے اس موقع پر کرونا وبا کے خاتمے اور امت مسلمہ کی صلاح و فلاح کے لیے خصوصی دعا بھی کی- سکیورٹی فورس کے اہلکار بھی محدود تعداد میں موجود تھے-

واضح رہے کہ غسل کعبہ کی رسم پہلے سال میں دو مرتبہ یکم شعبان اور محرم کے مہینے میں ادا کی جاتی تھی اب ایک مرتبہ 15 محرم کو ادا کی جاتی ہے-