جدہ فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ جمعرات 27 مئی کو سورج دوپہر کے وقت 12 بجکر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر نظر آئے گا۔ یہ اس سال کا پہلا واقعہ ہو گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق فلکیاتی انجمن کے سربراہ ڈاکٹر ماجد ابو زاھرۃ نے کہا کہ سورج خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کا واقعہ اس لیے رونما ہوتا ہے کیونکہ خانہ کعبہ خط استوا اور مدار السرطان کے درمیان واقع ہے۔
سورج گردش کے دوران خط استوا سے مدار السرطان کی طرف مئی کے مہینے میں منتقل ہوتا ہے اور گردش کرتے کرتے سورج خانہ کعبہ کے اوپر آ جاتا ہے۔
ماجد ابو زاھرۃ نے بتایا کہ سورج جس وقت خانہ کعبہ کے اوپر نظر آتا ہے وہ اپنی انتہائی بلندی پر تقریبا 90 درجے پر ہوتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے اس وقت خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عرب ممالک قطب شمالی کے پڑوسی علاقوں افریقہ، یورپ، چین، روس اور مشرقی ایشیا کے باشندے سورج کو خانہ کعبہ کے اوپر دیکھ کر قبلے کی سمت متعین کر سکتے ہیں۔
ابو زاھرۃ نے مزید کہا کہ قدیم زمانے کے لوگ اسی سادہ طریقے سے قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔ یہ طریقہ کار نتیجے کے اعتبار سے جدید ترین ٹکنالوجی سے کسی درجے کم نہیں۔