جیٹ سوٹ کے موجد رچرڈ براؤننگ نے دبئی میں لوگوں کو محظوظ کیا ہے اور’’مستقبل کا عجائب گھر‘‘(میوزیم آف دا فیوچر)کے افتتاح کے موقع پر اپنے جیٹ سوٹ میں پرواز کی ہے۔
عجائب گھر کی بیضوی شکل کی عمارت سات منزلہ ہے اور یہ 77 میٹربلندہے۔اس میں مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی مستقل نمائش گاہ ہے۔
اس کے سٹین لیس اسٹیل کے بیرونی حصے پرعربی خطاطی میں اقوال درج ہیں۔ان میں سے ایک کی عبارت یہ ہے:’’مستقبل ان لوگوں کا ہے جو اس کا تصورکرسکتے ہیں، اسے ڈیزائن کرسکتے ہیں اوراس پر عمل درآمد کر سکتے ہیں‘‘۔
براؤننگ نے کہا کہ ’مستقبل کےعجائب گھر‘ کا افتتاح میرے لیے فی الواقع بہت دلچسپ تجربہ ہے کیونکہ میں نےجو کچھ پہنا ہوا ہے،یعنی جیٹ سوٹ کا اس میوزیم سے گہرا تعلق ہے اور یہ اس کے اندرموجود چیزوں کی اقدار ہی کا تسلسل اورترقی کا مظہرہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’مشترکہ اخلاقیات ، تحرک اور متاثرکرنے کے مشترکہ جذبے ہی سے ایجادات ہوسکتی ہیں‘‘۔
واضح رہے کہ گریویٹی انڈسٹریزکے بانی اور چیف ٹیسٹ پائلٹ رچرڈ براؤننگ نے نومبر2019 میں 85 میل فی گھنٹا (135 کلومیٹر فی گھنٹا) کی رفتار سے سفرکرکے باڈی کنٹرول جیٹ سوٹ میں تیزترین پرواز کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔