شارجہ کے حکمران شیخ سلطان کے لیے فرانس کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

فرانسیسی صدرعمانوایل ماکروں نے متحدہ عرب امارات میں شامل امارت شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمدالقاسمی کو اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازا ہے۔

صدرعمانوایل ماکروں کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں فرانسیسی سفیر نکولس نیمچینو نے شارجہ کے حاکم کو ایک تقریب میں نیشنل آرڈر آف دی لیجن آف آنردیا ہے۔

نیپولین بوناپارٹ کا تیارکردہ یہ حکم فرانس کے سربراہ مملکت کی جانب سے دو صدیوں سے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقامی شہریوں اورغیرملکیوں کو ان کی خدمات اوراعلیٰ کارکردگی پردیاجارہا ہے۔

شیخ سلطان کو یہ اعزاز ان کی علمی، ثقافتی اور ادبی خدمات اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کےاعتراف میں دیا گیا ہے۔

ایوارڈ دینے کی تقریب قصرالبدیع شارجہ میں منعقد ہوئی۔اس میں شارجہ کے ولی عہد اور نائب حکمران شیخ سلطان بن محمد بن سلطان القاسمی،شارجہ کے نائب حکمران شیخ عبداللہ بن سلیم بن سلطان القاسمی اور شیخ سلطان بن احمد بن سلطان القاسمی بھی شریک تھے۔

متحدہ عرب امارات میں فرانسیسی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں حاکمِ شارجہ کو فرانس کا 'سچا دوست' قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات اور فرانس کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات استوار ہیں۔ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے کوپ 28 کے نامزد صدر سلطان الجابر نے پیرس میں صدرماکروں سے ملاقات کی تھی جس میں موسمیاتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

فروری 2023 میں،فرانسیسی وزیربرائے یورپ اور خارجہ امور کیتھرین کولونا نے یواے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی تھی۔

گذشتہ سال متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زایدآل نہیان نے پیرس کے دورے میں صدر ماکروں سے ملاقات کی تھی۔اس موقع پردونوں ملکوں کے درمیان خلائی شعبہ، تعلیم اور آب و ہوا کی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے معاہدوں پر دست خط کیے گئے تھے۔

اس دورے میں دونوں ملکوں نے امارات،فرانس بزنس کونسل کے آغاز کا بھی اعلان کیا تھا۔اس کا مقصد توانائی، نقل وحمل اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔فرانسیسی صدرماکروں نےآخری مرتبہ سابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید کے انتقال کے بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں