شاندار چمک کے لیے اس پھل کو آزمائیں
سٹرابیری میں کیلوریز کم اور فائبر اور وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے
زندگی کے سفر میں بہت سے لوگ ہر اس چیز کی تلاش میں رہتے ہیں جو ان کی ظاہری خوبصورتی کو برقرار رکھتی ہو۔ خوبصورتی برقرار رکھنے والی یہ چیزیں صحت بخش غذائیں یا وٹامنز ہو سکتی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک روسی ماہر غذائیت نے ایک ایسے پھل کا انکشاف کیا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔ .
ڈاکٹر ییلینا تیخومیرووا نے کہا ہے کہ سٹرابیری میں کم کیلوریز کے علاوہ غذائی ریشہ فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے 100 گرام میں 2 گرام فائبر ہوتا ہے۔ اس کا معنی یہ ہے کہ سٹرابیری کھانے سے آنتوں کی حرکت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے علاوہ 100 گرام سٹرابیری میں وٹامن سی کی جسم کی روزانہ ضرورت کی نصف مقدار موجود ہوتی ہے۔ اس طرح صرف 200 گرام سٹرابیری کھانا جسم کی وٹامن سی کی یومیہ ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔
ڈاکٹر ییلینا تیخومیرووا نے مزید بتایا کہ سٹرابیری سلیکون سے بھرپور ہوتی ہے جو بالوں، ناخنوں اور دانتوں کی خوبصورتی کا باعث ہے اور کولیجن کی ترکیب کے لیے بھی ذمہ دار ہے۔ 100 گرام سٹرابیری میں جسم کی روزانہ ضرورت سے تین گنا زیادہ سلیکون ہوتا ہے۔
ان کے مطابق سٹرابیری میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ 100 گرام سٹرابیری میں 47 کیلوریز ہیں۔ مزید برآں سٹرابیری میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بھی بہت کم ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ یہ ان لوگوں کے لیے بہت مفید ہیں جو زیادہ وزن سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔