سانتا کلاز نے منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا

پیرو کی پولیس بھیس بدل کر مبینہ مجرموں کو باقاعدگی سے نشانہ بناتی رہتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لوگ سانتا کلاز کے کرسمس کے دن تحائف لانے کے عادی ہیں لیکن پیرو کے ایک سانتا کلاز نے ایک اور مشن کا انتخاب کیا۔ یہ مشن منشیات فروشوں کو گرفتار کرنا تھا۔ پیرو میں ایک پولیس افسر نے منشیات فروشوں کے خلاف چھاپوں میں سانتا کلاز کا بھیس بدل کر آپریشن کیا۔ اس آپریشن میں اس نے مشتبہ افراد کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں منشیات ضبط کرنے کے لیے سانتا کلاز کا روپ دھارا تھا۔

حکام کے مطابق پیرو پولیس کی ایک ٹیم میں سے ایک نے سانتا کلاز کا لباس پہنا ہوا تھا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ کوئی اس پر نظر نہ ڈالے۔ اس ٹیم نے پیرو کے دارالحکومت لیما کے شمال میں واقع قصبے میں منشیات فروشوں کے ایک گروہ کے خلاف کارروائی کی۔

سرکاری فوٹیج کے مطابق پولیس افسران لیما سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ہیرال میں ایک گھر میں منشیات فروخت کرنے والے دو افراد کو حیران کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس میں ایک یونٹ کے سربراہ کرنل والٹر پالومینو نے صحافیوں کو بتایاکہ ٹرنا گروپ کے ایک رکن نے اپنے آپ کو سانتا کلاز کا روپ دیا تاکہ کوئی اسے دیکھ نہ سکے، یہ حکمت عملی کامیاب رہی۔

سانتا کلاز کا لباس پہنے پولیس اہلکار نے گھر کا دروازہ توڑ کر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کر کے منشیات کے سیکڑوں پیکج قبضے میں لے لیے گئے۔ گرفتار افراد کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کردیا گیا۔

واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے سے پیرو پولیس باقاعدگی سے بھیس بدل کر مشتبہ مجرموں کو نشانہ بنا رہی ہے اور خاص اوقات میں آپریشن شروع کر رہی ہے۔ 31 اکتوبر کو ہیلووین کے جشن کے موقع پر منشیات فروشوں کے خلاف بھی ایسا ہی آپریشن کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں