پاکستان سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ خاتون نے عرفات کی پہاڑی پر صحت مند بچے کو جنم دیا جس کا نام عرفات رکھ دیا گیا۔
سعودی عرب کے جبل الرحمہ ہسپتال کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر طارق محمد ابوالمطیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ زچہ و بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔ بچے کا وزن تین کلو 40 گرام ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ پاکستانی خاتون نو ماہ کی حاملہ تھیں اور حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچی تھیں۔ یوم عرفہ پر وہ مقدس پہاڑی پر عبادت میں مصروف تھیں جب زچگی کا درد ہوا۔
کوہ عرفات پر موجود دیگر خواتین کی مدد سے پاکستانی خاتون نے بیٹے کو جنم دے دیا۔ بعد ازاں ایمبولینس کے ذریعے زچہ و بچہ کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حج کے دوران کسی عازم حج کے یہاں بچے کی پیدائش کا رواں برس یہ دوسرا واقعہ ہے جب کہ کوہ عرفات پر آخری بار کسی بچے کی پیدائش 2007 میں ہوئی تھی۔