کھانے سے پہلے یا بعد پیدل چلنا وزن کم کرنے میں معاون
باقاعدگی سے پیدل چلنا مجموعی صحت اور خاص طور پر دل کے لیے فائدہ مند ہے۔ تاہم بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ کھانے سے پہلے یا بعد میں پیدل چلنے کا انتخاب کرنا ہو تو کونسا زیادہ فائدہ مند ہے؟
طبی ویب سائٹ "صحت" کے مطابق محققین نے پایا ہے کہ خالی پیٹ چہل قدمی آپ کی توانائی کی سطح کو پورے دن میں بڑھاتی ہے۔ یہ ذخیرہ شدہ چربی کو جلانے کے امکانات کو بھی بڑھاتی ہے۔ خون کی گردش کو بہتر بناتی اور آپ کے میٹابولزم کو بہتر کرتی ہے۔ اس سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔
لیکن کھانے کے فوراً بعد چہل قدمی وزن میں کمی، ہاضمے کو بہتر بنانے اور خون میں شکر کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ کھانے سے پہلے یا بعد میں پیدل چلنے کا انتخاب کرنے کا انحصار آپ کے صحت کے اہداف اور ضروریات پر بھی ہے۔
اگر آپ کھانے کے بعد چلنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو جلد از جلد ایسا کرنا چاہیے۔ خاص طور پر اگر آپ اپنے بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم کرنا یا وزن کو کم کرنا چاہتے ہیں تو اپ کو جلد ایسا کرنا چاہیے۔ کھانا کھانے کے 30 سے 60 منٹ بعد گلوکوز کی سطح اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ لہذا آپ کو اپنے خون کی شکر کو منظم کرنے کے لئے چلنے کی ضرورت ہے.
اگر آپ کھانے سے پہلے چہل قدمی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بعد میں آپ کا کھانا صحت مند ہونا چاہیے۔ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اگر لوگ ورزش کے بعد کھاتے ہیں تو غیر صحت بخش کھانے کا انتخاب کر سکتے ہیں کیونکہ وہ اسے کوشش کے بعد ایک انعام کے طور پر دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ آپ کھانے کے بعد 30 منٹ کی چہل قدمی کے لیے نہیں اٹھتے ہیں تو جتنی دیر ہو سکے چہل قدمی ضرور کریں۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ صرف 2 سے 5 منٹ تک چہل قدمی آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر آپ ذیابیطس کو روکنے یا ٹائپ 2 ذیابیطس کو سنبھالنے کے لیے پیدل چل رہے ہیں تو ممکن ہو تو روزانہ 10 ہزار قدموں کا ہدف مقرر کرلیں۔