سوڈان میں گدھوں کی حجامت ... روایتی پیشہ اور عوامی فن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

شمالی سوڈان کے قصبے "کبوشیہ" کے ہفتہ وار بازار میں، جہاں مکئی اور کافی کی خوشبو فضا میں رچی بسی ہوتی ہے اور بازار کی گہما گہمی میں دکان داروں کی آوازیں گونجتی ہیں، ایک انوکھا منظر ہر آنے والے کو چونکا دیتا ہے۔ جی ہاں، گدھوں کے لیے مخصوص ایک "حجام کی دکان"، جہاں دو بھائی، بلہ حمیدہ السید اور بدر حمیدہ، ایک ایسی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں جو بظاہر عجیب لگتی ہے لیکن اس خطے کی روایات کے ساتھ مربوط ہے۔

بازار کے ہجوم سے ذرا ہٹ کر، "رواکب" اور "عيش" کی مارکیٹوں کے پیچھے، یہ دونوں بھائی اپنے والد سے سیکھے ہوئے پیشے کو آگے بڑھا رہے ہیں، جسے وہ ایک فن اور محنت کا امتزاج قرار دیتے ہیں۔ کبوشیہ میں گدھوں کی حجامت صرف صفائی نہیں بلکہ ایک طرح کی فنی تخلیق ہے، جس میں جانور کی پیٹھ پر اہرام، دائرے اور متوازی لکیروں جیسے دقیق نمونے تراشے جاتے ہیں۔

 کبوشیہ میں گدھوں کی حجامت صرف صفائی نہیں بلکہ ایک طرح کی فنی تخلیق ہے
کبوشیہ میں گدھوں کی حجامت صرف صفائی نہیں بلکہ ایک طرح کی فنی تخلیق ہے

یہ حجامتیں مختلف انداز اور ناموں سے کی جاتی ہیں، جیسے "شرافہ"، "حفلہ" اور "شریط"، اور ہر ایک کا معاوضہ تفصیل اور کاری گری کی بنیاد پر مختلف ہوتا ہے۔ ابتدائی معاوضہ پندرہ سے پچاس پاؤنڈ تک ہوتا ہے جو پیچیدہ ڈیزائن کی صورت میں پینسٹھ ہزار پاؤنڈ تک جا سکتا ہے۔

بلہ نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو میں بتایا کہ یہ کام تھکا دینے والا ضرور ہے، لیکن بہت دل چسپ ہے۔ "ہم گدھے کے پیٹ پر حجامت نہیں کرتے کیونکہ وہ حساس حصہ ہے۔ ہم خاص اوزار استعمال کرتے ہیں، جیسے قینچی، مشینیں، اور 'صریمہ' (جسے گدھے کے منہ میں ڈالا جاتا ہے تاکہ وہ پرسکون رہے) اور ٹانگوں کو نرمی سے باندھتے ہیں تاکہ وہ بپھر نہ جائے۔"

یہ دونوں بھائی صرف کبوشیہ کے بازار تک محدود نہیں، بلکہ "مکنیہ"، "کلی" اور "قوزبرہ" جیسے قریبی علاقوں کے بازاروں میں بھی اپنی خدمات دیتے ہیں۔ بدھ کے روز منعقد ہونے والے ہفتہ وار بازار میں وہ بیس گدھوں تک کی حجامت کر دیتے ہیں۔ بدر کا کہنا ہے، "گدھے کی ظاہری شکل بہت اہم ہے۔ صاف ستھرا اور سجا ہوا گدھا بازار میں مہنگا بکتا ہے اور دیہات میں مالک کی عزت بڑھاتا ہے۔"

 کبوشیہ میں گدھوں کی حجامت صرف صفائی نہیں بلکہ ایک طرح کی فنی تخلیق ہے
کبوشیہ میں گدھوں کی حجامت صرف صفائی نہیں بلکہ ایک طرح کی فنی تخلیق ہے

حجامت کے ساتھ ساتھ دونوں بھائی گدھوں کی خرید و فروخت کا کام بھی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، سب سے بہتر نسلیں شَندی کے علاقے سے آتی ہیں، جو اپنی طاقت، تیز رفتاری اور متناسب جسمانی ساخت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ کبوشیہ میں گدھوں کا استعمال کھیتی باڑی اور چارے کی ترسیل جیسے امور میں عام ہے، جو انھیں مقامی زندگی کا لازمی جزو بناتا ہے۔

شہر میں ایک چھوٹا سا ویٹرنری کلینک بھی موجود ہے جو مویشیوں بشمول گدھوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ بعض اوقات مقامی لوگ روایتی معالجوں، جنھیں "بصیر" کہا جاتا ہے، کی خدمات بھی لیتے ہیں، جو داغنے، تارکول لگانے یا کانٹوں کو نکالنے جیسے طریقے اپناتے ہیں۔ ایک نوجوان ویٹرنری ڈاکٹر کے مطابق، "گدھا روزمرہ کا ساتھی ہے، مالک اس کی چال اور کانوں کی شکل سے اسے پہچانتا ہے۔"

اگرچہ گدھے کو حجام کی دکان میں بیٹھا دیکھ کر کسی کو حیرت یا ہنسی آ سکتی ہے، لیکن کبوشیہ میں یہ ایک فخر کی علامت ہے، جو مقامی روایات سے جڑا ہوا ہے۔ یہاں گدھا صرف سواری یا بوجھ اٹھانے کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایک سماجی اور معاشی حیثیت کی علامت ہے، جسے کاشت کار فخر سے پیش کرتے ہیں اور اس کی خاص دیکھ بھال کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں جو مقامی سطح پر نہایت گہری جڑیں رکھتی ہے۔

دنیا اگرچہ تیزی سے جدیدیت اور ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے، مگر کبوشیہ ہر بدھ کو اس قدیم رسم کو دہرا کر یاد دلاتا ہے کہ کچھ روایات ایسی ہوتی ہیں جو وقت کے ساتھ ماند پڑنے کے بجائے اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں