آرامکو کا الجافورہ منصوبہ: خطیر سرمایہ کاری سے سعودی معیشت میں نئی روح پھونکنے کی تیاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی عرب کی پٹرولیم فرم ’آرامکو‘ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو انجینیئر امین الناصر نے کہا ہے کہ الاحساء اپنی تاریخی عظمت، زرخیز زمین اور معزز لوگوں کے باعث نہ صرف آرامکو کا اہم حصہ ہے بلکہ آرامکو خود بھی الاحساء کے شاندار ماضی کا جزو لاینفک ہے۔

امین الناصر نے ان خیالات کا اظہار الاحساء چیمبر کی جانب سے منعقدہ ’’الاحساء انویسٹمنٹ فورم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الاحساء میں کئی دہائیوں سے آرامکو کے سب سے بڑے اور اہم صنعتی مراکز قائم ہیں اور حالیہ برسوں میں کمپنی نے یہاں بڑے پیمانے پر منصوبے شروع کیے ہیں جو سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو تقویت دینے کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں واقع الجافورہ گیس فیلڈ مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا شیل گیس منصوبہ ہے اور اسے حقول گیس کا "تاج کا نگینہ" قرار دیا جا سکتا ہے۔

الاحساء انویسٹمنٹ فورم
الاحساء انویسٹمنٹ فورم

100 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری

امین الناصر نے انکشاف کیا کہ آئندہ 15 برسوں کے دوران الجافورہ منصوبے پر مجموعی سرمایہ کاری 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی، جو مملکت کے مجموعی قومی پیداوار میں سالانہ 23 ارب ڈالر کا اضافہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2030 تک اس منصوبے کی پیداواری صلاحیت 2 ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کی توقع ہے، جس سے سعودی عرب دنیا کے بڑے گیس پیدا کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہم اہداف میں شامل ہے، جس کے تحت مملکت میں گیس کی پیداوار کی صلاحیت 60 فیصد سے زائد بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مشرقی ریجن کے امیر اور الاحساء کے گورنر کی جانب سے منصوبے کو ملنے والی بھرپور معاونت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

کنگ سلمان انرجی سٹی (سبارک)

امین الناصر نے ’’کنگ سلمان انرجی سٹی‘‘ (سبارک) کا بھی ذکر کیا جسے ایک جدید صنعتی حب قرار دیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد 12 ارب ریال کی سرمایہ کاری سے 60 سے زائد مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سبارک میں شامل کیا جا چکا ہے، جہاں سے 40 ہزار سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہو چکے ہیں۔

الاحساء چیمبر کے زیر اہتمام شریک مندوبین
الاحساء چیمبر کے زیر اہتمام شریک مندوبین

انہوں نے بتایا کہ سبارک میں کئی فیکٹریاں فعال ہو چکی ہیں اور اب یہ مرکز تمام تیل و گیس فیلڈز کی ڈرلنگ اور لاجسٹک خدمات کی نگرانی کا نیا مرکز بن چکا ہے۔ سبارک میں 10 ملین ٹن سالانہ گنجائش کا حامل مشرقی خطے کا پہلا اور سب سے بڑا خشک بندرگاہ بھی زیر تعمیر ہے، جسے مرحلہ وار فعال کیا جائے گا، ابتدائی مرحلہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں شروع ہو چکا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ میں آرامکو کا کردار

امین الناصر نے بتایا کہ آرامکو ماحول کے تحفظ کے لیے نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ اس نے کئی منفرد منصوبے اور تحقیقی سرگرمیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔ ان میں سے ایک منصوبہ جامعہ الملك فيصل کے ساتھ مل کر "قدرتی حلوں پر مبنی مرکز" کا قیام ہے، جبکہ مملکت میں مینگروو درختوں کے مطالعے پر مشتمل تحقیقاتی منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات سعودی گرین انیشیٹو اور مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کے اہداف کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں۔

خصوصی طلبا کے لیے سب سے بڑا مرکز

امین الناصر نے تعلیم کے میدان میں آرامکو کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کمپنی مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کے لیے موزوں تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ انہی میں سے ایک منصوبہ خصوصی بچوں کے لیے مملکت کا سب سے بڑا مرکز ہے، جس پر کام جاری ہے اور جسے فروری 2026 میں مکمل کر لیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size