کولیجن سےبالوں کو مضبوط، توانا اور چمکدار بنانے کا حیرت انگیز طریقہ
بالوں کی دیکھ بھال کے لیے کولیجن کا استعمال جدید خوبصورتی کے رجحانات میں شامل ہے، جو بالوں کی زندگی اور چمک کو بڑھانے کا وعدہ کرتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ محض تشہیر ہے یا واقعی یہ جزو بالوں کی مضبوطی اور گھنے ہونے میں مدد دیتا ہے؟
کولیجن ایک پروٹین ہے، جو جسم خود پیدا کرتا ہے تاکہ جلد اور کھوپڑی کی لچک برقرار رہے۔ تاہم عمر بڑھنے اور ذہنی دباؤ کے باعث اس پروٹین کی سطح میں کمی آ جاتی ہے، جس سے جلد خشک ہو جاتی ہے اور بال ٹوٹنے یا گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے غذائی سپلیمنٹس اور موضعی دیکھ بھال پر انحصار کیا جاتا ہے۔
کولیجن بالوں کی کیسے دیکھ بھال کرتا ہے؟
کولیجن بالوں کی نئی جڑیں پیدا نہیں کرتا، لیکن یہ ان کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کولیجن بالوں کی طاقت اور گھنے پن میں واضح فرق ڈال سکتا ہے۔یہ ایک اینٹی آکسیڈینٹ کے طور پر کام کرتا ہے، جو بالوں کے فولیکلز کو فری ریڈیکلز کے نقصان سے بچاتا ہے، جو سفید بالوں کے نمودار ہونے اور بالوں کے گرنے کی رفتار کو بڑھاتے ہیں۔
کولیجن کھوپڑی کی لچک کو برقرار رکھتا اور خون کی گردش کو فعال کرتا ہے، جس سے بالوں کی جڑوں تک غذائی اجزاء بہتر طریقے سے پہنچتے ہیں۔یہ کمزور بالوں کی ساخت کو مضبوط بناتا، ٹوٹ پھوٹ اور گرنے کو کم کرتا اور کھوپڑی کو غذائیت فراہم کر کے بالوں کی جڑ سے نوک تک نرمی اور چمک بڑھاتا ہے۔
استعمال کا طریقہ
کولیجن دو قسموں میں دستیاب ہے: غذائی سپلیمنٹس اور موضعی مصنوعات۔
غذائی سپلیمنٹس:کولیجن پیپٹائیڈز کو ترجیح دی جاتی ہے کیونکہ یہ جسم میں آسانی سے جذب ہو جاتے ہیں۔ روزانہ کی خوراک 5 سے 10 گرام کے درمیان ہونی چاہیے، جسے آپ کافی، جوس، یا گرم پانی میں شامل کر سکتے ہیں۔آپ ایسے سپلیمنٹس بھی منتخب کر سکتے ہیں جن میں کولیجن کے ساتھ وٹامن C بھی شامل ہو۔سمندری (Marine) کولیجن جلد اور کھوپڑی کی دیکھ بھال کے لیے مثالی ہے۔
موضعی مصنوعات:ان میں کولیجن سے بھرپور شیمپو اور ماسک شامل ہیں جو نقصان شدہ بالوں کی مرمت کرتے ہیں۔موضعی مصنوعات کا استعمال غذائی سپلیمنٹس کے ساتھ کرنے سے اثر دوگنا ہو جاتا ہے۔
استعمال کے نتائج کب ظاہر ہوتے ہیں؟
کولیجن کے اثرات بالوں پر عام طور پر 8 سے 12 ہفتوں کے دوران نظر آنا شروع ہوتے ہیں، جس کے بعد بالوں کا ملمس نرم، ٹوٹ پھوٹ کم اور چمک زیادہ ہو جاتی ہے۔
کولیجن کے ساتھ کچھ دیگر اجزاء بھی بالوں کی صحت بہتر کرنے میں مدد دیتے ہیں:
بیوٹین: یہ کیراٹن کی پیداوار کو بڑھاتا اور بالوں کو مضبوط کرتا ہے۔ کولیجن کے ساتھ مل کر یہ بالوں کی ساخت کو بہتر بنانے اور ٹوٹ پھوٹ کم کرنے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
کیراٹن: یہ بالوں کا بنیادی ساختی پروٹین ہے۔ کیراٹن علاج یا مصنوعات بالوں کے نقصان شدہ ریشوں کی مرمت کرتی ہیں، جبکہ کولیجن ضروری امینو ایسڈ فراہم کرتا ہے، جو کیراٹن کی تشکیل میں مدد دیتے ہیں۔ دونوں مل کر بالوں کو مضبوط اور لچکدار بناتے ہیں۔
پیپٹائیڈز: یہ چھوٹے پروٹین کے ذرات ہیں جو بالوں کے فولیکلز کی سرگرمی بڑھاتے اور کھوپڑی میں کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتے ہیں۔ یہ کولیجن کے ساتھ مل کر کھوپڑی کی صحت بہتر کرتے اور بالوں کی نشوونما کو فروغ دیتے ہیں۔
نتائج کو برقرار رکھنے کا طریقہ
کچھ عادات جسم میں کولیجن کی قدرتی پیداوار کو بڑھانے اور بالوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں:
پروٹین سے بھرپور غذائیں کھائیں: جیسے انڈے، مچھلی، مرغی اور دالیں، کیونکہ یہ کولیجن کی پیداوار کو فروغ دیتی ہیں۔
وٹامن C کی مناسب مقدار حاصل کریں: پھل اور سبزیاں جیسے کھٹے پھل، کیوی، اور شملہ مرچ وٹامن C سے بھرپور ہیں۔
جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں: کافی پانی پئیں تاکہ کھوپڑی کی لچک برقرار رہے۔
نیند پوری کریں: کولیجن کی پیداوار گہری نیند کے دوران اپنی چوٹی پر پہنچتی ہے۔
چینی اور پراسیس شدہ غذاؤں کی مقدار کم کریں: یہ کولیجن کے ٹوٹنے کو تیز کر سکتی ہیں۔
بالوں کو حرارت اور UV شعاعوں سے بچائیں: اسٹائلنگ کے آلات اور سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بالوں کو تحفظ دیں۔