چاول کا پانی یا ناریل کا پانی؟ جلد کی چمک کے لیے کون سا بہتر؟
سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز تیزی سے پھیل رہی ہیں، جو چاول کے پانی اور ناریل کے پانی کو جلد کی دیکھ بھال کے لیے فائدہ مند قرار دیتی ہیں۔ دونوں آسانی سے دستیاب، کم خرچ اور استعمال میں آسان ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ جلد کی تازگی اور نکھار کے لیے کون سا بہتر ہے؟
چاول کا پانی
چاول کا پانی وہ مائع ہے، جو چاول کو پکانے سے پہلے بھگونے کے نتیجے میں حاصل ہوتا ہے۔ یہ ایک قدیم قدرتی حسن افزا نسخہ ہے، جو مشرقِ بعید کے کئی ممالک میں صدیوں سے استعمال ہو رہا ہے۔
چاول کا پانی معدنیات اور وٹامن بی اور ای سے بھرپور ہوتا ہے، اس کے علاوہ اس میں انوسائٹول بھی پایا جاتا ہے، جو خراب شدہ جلد کی مرمت، رنگت کو یکساں بنانے اور جلد کو زیادہ روشن بنانے میں مدد دیتا ہے۔
چاول کا پانی اپنی سوزش کم کرنے والی خصوصیات کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ جلد کی جلن کم کرتا ہے، سرخی گھٹاتا ہے اور دانوں کو پرسکون کرتا ہے۔
اس میں موجود امینو ایسڈز اسے قدرتی موئسچرائزر بناتے ہیں، جو جلد کو خشک ہونے، بے رونقی اور چھلکنے سے بچاتے ہیں۔یہ پانی جلد کو سخت اور ٹائٹ کرنے، مسام سکیڑنے میں بھی مدد دیتا ہے اور اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس باریک لکیروں، جھریوں اور جلد کے ڈھیلے پن سے حفاظت کرتے ہیں۔
چاول کا پانی جلد میں قدرتی تیل کے توازن کو برقرار رکھتا ہے، مجموعی طور پر جلدی خلیات کی بحالی میں مدد دیتا ہے اور مہاسوں سے بچاؤ میں بھی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
ناریل کا پانی
ناریل کا پانی وہ قدرتی مشروب ہے ،جو چھوٹے سبز ناریلوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں، جو بہت سے لوگوں کے لیے ابھی تک غیر معلوم ہیں۔ یہ مشروب وٹامن بی اور سی کے ساتھ ساتھ پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے، جو جسم کو زہریلے مادوں سے صاف کرنے اور جلد کو صاف اور روشن بنانے میں مدد دیتا ہے۔
ناریل کا پانی جلد کی لچک بہتر بنانے اور مہاسوں سے بچاؤ میں مؤثر ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے مالا مال ہوتا ہے اور سورج کی روشنی سے جلے ہوئے حصوں کی جلد کو بھی نمی اور نرمی فراہم کرتا ہے۔یہ مشروب خشک جلد، رنگت کے غیر یکساں ہونے اور جلد کی بے رونقی کو دور کرنے میں مددگار ہے اور اپنی اینٹی ایجنگ خصوصیات کی بدولت باریک لکیروں اور جھریوں کے ظاہر ہونے کو بھی سست کرتا ہے۔
ناریل کا پانی اپنی میٹھاس، کم کیلوریز اور تازگی بخش خصوصیات کی وجہ سے حالیہ برسوں میں بہت مقبول ہوا ہے۔ یہ سودا اور توانائی بڑھانے والے مشروبات کا صحت مند متبادل بھی بن سکتا ہے کیونکہ یہ تازہ، ہضم میں آسان اور توانائی بخش ہے۔
کون سا بہتر ہے؟
ناریل کا پانی اندرونی فوائد رکھتا ہے۔ اگر اسے متوازن غذا میں شامل کیا جائے تو یہ جسم کو زہریلے مادوں سے صاف کرنے اور جلد کو صاف اور چمکدار بنانے میں مدد دیتا ہے۔چاول کا پانی بیرونی استعمال کے لیے مؤثر ہے۔ اسے صفائی اور موئسچرائزر لگانے سے پہلے جلد پر لگانے سے، آپ کو صاف، شفاف اور داغ دھبوں سے پاک جلد حاصل ہوتی ہے۔دونوں کو ایک ساتھ استعمال کرنے سے جلد کی چمک اور نکھار میں اضافہ ہوتا ہے۔ آپ اپنے حسبِ ضرورت کسی ایک کو منتخب کر سکتے ہیں یا دونوں کو ملا کر ان کے مشترکہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔