بروکلی کے تنےبھی مفید، فائبر اور معدنیات کا بھرپور ذریعہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

بروکلی غذائیت سے بھرپور سبزی ہے یہ بھی گوبھی کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے اور دنیا بھر میں صحت بخش غذا کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ تاہم بروکلی تیار کرتے وقت بہت سے لوگ اس کے سخت تنے الگ کر کے پھینک دیتے ہیں اور صرف سبز پھول استعمال کرتے ہیں، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہی غذائیت کے لحاظ سے بہتر حصہ ہے، مگر غذائی ماہرین کے مطابق یہ عادت جسم کو اہم غذائی فوائد سے محروم کر دیتی ہے۔ حالیہ مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ بروکلی کے تنے میں فائبر اور بعض ضروری معدنیات کی مقدار پھولوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔

غذائیت کی ماہر اسٹیفنی جانسن جو امریکا کی رٹگرز یونیورسٹی میں کلینیکل اور احتیاطی غذائی خدمات کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں، بتاتی ہیں کہ پودے کے مختلف حصوں کے افعال مختلف ہونے کے باعث ان کی غذائی اجزا بھی الگ ہوتے ہیں۔

ان کے مطابق جہاں کچھ نباتاتی مرکبات زیادہ تر پھولوں میں پائے جاتے ہیں، وہیں تنےناقابلِ حل فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں، جیسا کہ صحت سے متعلق ویب سائٹ VeryWellHealth کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔

یہ فائبر آنتوں کی حرکت کو بہتر بنانے، نظامِ ہاضمہ کو منظم رکھنے اور مفید بیکٹیریا کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ تمام عوامل بڑی آنت کی صحت، قبض کے خطرے میں کمی اور طویل مدت میں قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے سے براہِ راست جڑے ہوئے ہیں۔

اہم معدنیات کی زیادہ مقدار

بروکلی کے تنے کے فوائد صرف فائبر تک محدود نہیں، بلکہ ان میں پھولوں کے مقابلے میں پوٹاشیم اور کیلشیم کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے۔ پوٹاشیم بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے اور دل کی صحت کے لیے نہایت اہم عنصر ہے، جبکہ کیلشیم ہڈیوں کی مضبوطی اور پٹھوں کے درست افعال میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

اس کے برعکس بروکلی کے پھول اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن سی، وٹامن کے اور فولک ایسڈ جیسے مفید نباتاتی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے دونوں حصے غذائیت کے لحاظ سے ایک دوسرے کے معاون ہیں، نہ کہ حریف۔

غذائی ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بروکلی کے تنے کو پھولوں سے زیادہ صحت بخش قرار نہیں دیا جا سکتا، مگر دونوں حصوں کو ایک ساتھ غذا میں شامل کرنے سے غذائی تنوع بڑھتا ہے اور خوراک کے ضیاع میں کمی آتی ہے۔

اسٹیفنی جانسن کے مطابق غذائی فرق اتنا نمایاں نہیں کہ کسی ایک حصے کو ترک کر دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروکلی کو مکمل طور پر استعمال کرنا غذائی قدر میں اضافے اور ضیاع کو کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

بروکلی کے تنے کیسے کھائیں؟

کچھ لوگ بروکلی کے تنے اس لیے استعمال نہیں کرتے کہ ان کی ساخت قدرے سخت ہوتی ہے، مگر تھوڑی سی تیاری کے بعد انہیں آسانی سے نرم اور لذیذ بنایا جا سکتا ہے۔ ریشے دار بیرونی چھلکا اتارنے کے بعد یہ زیادہ نرم ہو جاتے ہیں اور انہیں سوپ یا سالن میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح انہیں کچا کاٹ کر سلاد میں شامل کیا جائے تو یہ مزیدار کرکرا پن بھی دیتے ہیں یا پھر زیتون کے تیل اور مصالحوں کے ساتھ اوون یا ایئر فرائیر میں بھونا جا سکتا ہے۔

غذائیت کی ماہر ریچل لینڈر-کانسیگو کے مطابق اگر ڈنٹھلوں کو لیموں، لہسن اور تھوڑی سی پنیر کے ساتھ بھونا جائے تو یہ ایک ایسا مزیدار پکوان بن جاتے ہیں جو ذائقے میں بروکلی کے پھولوں کا بھی مقابلہ کر سکتا ہے۔

صحت بخش فوائد کے ساتھ ساتھ بروکلی کے تنےکا استعمال خوراک کے ضیاع میں کمی لاتا ہے، جو موجودہ دور میں پائیدار استعمال سے متعلق عالمی کوششوں کے تناظر میں ایک اہم ماحولیاتی پہلو بھی ہے۔

غذائی ماہرین مشورہ دیتے ہیں:اگلی بار جب آپ بروکلی تیار کریں تو اس کے تنے پھینکنے سے پہلے دو بار سوچیں۔ یہ نظر انداز کیے جانے والے حصے بظاہر سادہ سہی، مگر صحت اور دسترخوان دونوں کے لیے قیمتی اضافہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size