بااثر شخصیت کی پہچان: ماہرِ نفسیات کے مطابق چند نمایاں خصوصیات
انسان کی شخصیت محض اس کی عادتوں کا مجموعہ نہیں بلکہ اس کے فیصلوں، ردِعمل اور سماجی رویّوں کی اصل عکاس ہوتی ہے۔ یہی شخصیت بتاتی ہے کہ کوئی فرد دباؤ میں کیسے سنبھلتا ہے، مشکل حالات میں کس حد تک ثابت قدم رہتا ہے اور دوسروں کے ساتھ تعلقات کو کس مہارت سے نبھاتا ہے—اسی مضبوطی یا کمزوری سے انسان کی زندگی کی سمت متعین ہوتی ہے۔
روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں مضبوط اور کمزور شخصیت کی خصوصیات کو سمجھنے میں دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے، کیونکہ یہ نفسیاتی بلوغت، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور کامیابی کے حصول کا ایک اہم پیمانہ سمجھی جاتی ہیں۔
مضبوط اور بااثر شخصیت کی نشانیاں کیا ہیں؟
ماہرِ نفسیات ڈاکٹر جمال فرویز نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ اور ’’الحدث ڈاٹ نیٹ‘‘ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ مضبوط شخصیت وہ ہوتی ہے ،جس میں چند بنیادی خوبیاں موجود ہوں، جن میں خود اعتمادی، اندرونی اطمینان اور تحفظ کا احساس نمایاں ہے۔
اس کے علاوہ مختلف سطحوں پر متنوع دوستوں کا حلقہ اور متعدد مشاغل کا ہونا بھی اہم ہے، جو ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ان کے مطابق مضبوط اور بااثر شخصیت کا حامل فرد دباؤ کی صورت میں ضبطِ نفس کا مظاہرہ کرتا ہے اور مشکل ترین حالات میں بھی اپنے جذبات پر قابو رکھتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ غصے یا تناؤ کے وقت ایسا شخص خود کو جلد سنبھال لیتا ہے اور حکمت و دانائی سے فیصلے کرتا ہے۔
اس کے برعکس ڈاکٹر جمال فرویز کا کہنا ہے کہ کمزور شخصیت کے افراد عموماً مشاغل اور سماجی تعلقات سے محروم ہوتے ہیں۔ وہ یا تو رویّوں میں حد سے زیادہ منفی ہو جاتے ہیں یا دوسروں پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرنے لگتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ فیصلہ سازی کی کمزوری اور مقصد کی کمی بھی کمزور شخصیت کی نمایاں علامات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمزور شخصیت رکھنے والے افراد دوستیاں قائم کرنے یا دوسروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے میں ناکام رہتے ہیں، معمولی دباؤ میں بھی جلد مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں اور مشکل حالات میں خود پر قابو نہیں رکھ پاتے۔
ڈاکٹر جمال فرویز کے مطابق مضبوط شخصیت کی بنیاد گھر سے پڑتی ہے، بالخصوص والد کا کردار بچوں میں خود اعتمادی اور تحفظ کے احساس کو فروغ دینے میں نہایت اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں پر ضرورت سے زیادہ تنقید یا دوسروں سے موازنہ کرنے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ والد اور اولاد کے درمیان مثبت، حوصلہ افزا اور معاون تعلق بچوں کی متوازن اور مضبوط شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جو انہیں زندگی کے چیلنجز کا اعتماد اور استحکام کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔
دوسری جانب ماہرِ نفسیات ڈاکٹر نوین حسنی نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ اور ’’الحدث ڈاٹ نیٹ‘‘ کو بتایا کہ اپنی ذات کو سمجھنے کی صلاحیت مضبوط اور بااثر شخصیت کی نمایاں علامت ہے۔ ان کے مطابق خود آگاہی اور اندرونی جذبات کو پہچاننے کی صلاحیت انسان کو اپنے ردِعمل پر قابو رکھنے اور متوازن فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط شخصیت کا حامل فرد عموماً اعلیٰ سماجی ذہانت رکھتا ہے، جس کی بدولت وہ دوسروں کے ساتھ لچک اور دانائی سے پیش آتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ زندگی کے تجربات سے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی اہلیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر نوین حسنی کے مطابق بچپن میں گھر کے اندر درست تربیت شخصیت کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، کیونکہ یہی تربیت خود اعتمادی کو فروغ دیتی اور مشکلات کا سامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے متنوع تجربات مضبوط شخصیت کی تشکیل میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ یہ انسان کو ایسے تجربات فراہم کرتے ہیں ،جو مشکل حالات میں ثابت قدمی اور توازن کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کے بقول عملی زندگی میں مسائل کا سامنا اور بحرانوں سے گزرنا شخصیت کو نکھارتا اور انسان کی سوچ کو وسیع کرتا ہے۔
ڈاکٹر نوین حسنی نے اس بات کی تصدیق کی کہ کمزور شخصیت کا حامل فرد اپنی کمزوری کو تسلیم کرتے ہی مضبوط اور بااثر بننے کے سفر کا آغاز کر سکتا ہے۔
ان کے مطابق مسئلے کے وجود کا اعتراف ہی علاج اور اندرونی طاقت کی تعمیر کی بنیاد ہوتا ہے، کیونکہ اسی مرحلے پر انسان خود کا سامنا کرتا ہے اور اپنی کمزوریوں کو درست کرنے کی کوشش شروع کرتا ہے۔
اس کے برعکس انہوں نے زور دیا کہ جو شخص اپنی ذات کا سامنا کرنے سے انکار کرے یا اپنی مشکلات کو تسلیم نہ کرے، اس کے لیے علاج کا عمل زیادہ مشکل ہو جاتا ہے اور اس کی ذہنی الجھن طویل عرصے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ ان کے بقول خود احتسابی اور حقیقت کا سامنا کرنے کی جرات ہی متوازن اور مضبوط شخصیت حاصل کرنے کی اصل کنجی ہے۔