8 صفات جو زیادہ آزادی والے بچپن سے جنم لیتی ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

بچپن انسان کی شخصیت کی پہلی درسگاہ ہوتا ہے۔ کہیں یہ پابندیوں، اصولوں اور نگرانی کے سائے میں پروان چڑھتا ہے، تو کہیں آزادی، تجربے اور خود فیصلے کرنے کے مواقع اسے نئی جہتیں دیتے ہیں۔ یہی آزادی بعض بچوں کے اندر ایسی مضبوط خصوصیات پیدا کر دیتی ہے، جو وقت کے ساتھ ماند نہیں پڑتیں بلکہ جوانی اور عملی زندگی تک ان کی سوچ، رویے اور فیصلوں کی رہنمائی کرتی رہتی ہیں۔ ویب سائٹ گلوبل انگلش ایڈیٹنگ کے مطابق آزاد ماحول میں پلنے والے بچوں میں چند بنیادی صفات نمایاں طور پر جنم لیتی ہیں، جو آگے چل کر ان کی شخصیت کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔

خودمختار سوچ

اکثر آزادی کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ بچہ کم عمری ہی سے خود فیصلے کرنا سیکھتا ہے۔ جس بچے کو زیادہ آزادی ملتی ہے، وہ عموماً اپنے معاملات خود طے کرتا ہے اور یہ رجحان عمر بڑھنے کے ساتھ ختم نہیں ہوتا۔جب ایسے افراد بڑے ہوتے ہیں تو وہ رائج خیالات سے ہٹ کر سوچنے اور اپنے ذاتی تجربات اور غوروفکر کی بنیاد پر آزاد رائے قائم کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

مہم جوئی کا جذبہ

آزادی کے ساتھ جستجو اور دریافت کا شوق پیدا ہوتا ہے، جو آگے چل کر مہم جوئی کی صورت اختیار کر لیتا ہے اور زندگی بھر ساتھ رہتا ہے۔یہ جذبہ ہر نئی چیز کو آزمانے کی خواہش میں ظاہر ہوتا ہے، چاہے نئے ممالک کی سیر ہو، منفرد کھانوں کا تجربہ ہو یا نئی ثقافتوں سے آشنائی۔ یہ نامعلوم دنیاؤں اور منفرد تجربات کی طرف ایک دروازہ ثابت ہوتا ہے۔

بلند درجے کی لچک

بچپن میں زیادہ آزادی انسان میں لچک پیدا کرتی ہے۔ جب بچہ اپنی شرائط پر زندگی کے تجربات کرتا ہے، تو اسے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔مگر ہر رکاوٹ کے ساتھ وہ سنبھلنا اور آگے بڑھنا سیکھتا ہے، یوں لچک اس کی شخصیت کا حصہ بن جاتی ہے۔

تخلیقی صلاحیت اور تخیل

آزادانہ کھیلنے اور سخت پابندیوں کے بغیر زندگی کو دریافت کرنے کا موقع تخلیقی سوچ اور تخیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔ایسی صورت میں بچہ خود کھیل ایجاد کرتا ہے، خیالی دوست بناتا ہے، کہانیاں گھڑتا ہے یا عارضی قلعے تعمیر کرتا ہے۔یہ تخلیقی چنگاری آسانی سے مدھم نہیں پڑتی اور بڑے ہو کر بھی ایسے افراد نئے زاویے سے سوچنے، منفرد حل تلاش کرنے اور تخلیقی خیالات پیش کرنے سے نہیں گھبراتے۔

جرات

کم عمری سے خود فیصلے کرنے اور دنیا کو بغیر مسلسل نگرانی کے دیکھنے کا تجربہ ایک خاص قسم کی جرات پیدا کرتا ہے۔نامعلوم راستوں پر قدم رکھنا اور اپنی راہ خود بنانا حوصلہ مانگتا ہے۔ مثال کے طور پر درخت پر چڑھنا یا تیز ڈھلوان پر سائیکل چلانا خوفناک لگ سکتا ہے، مگر بچہ پھر بھی کر گزرتا ہے۔یہ چھوٹی چھوٹی جراتیں وقت کے ساتھ جمع ہو کر مضبوط حوصلے کی بنیاد بناتی ہیں، جو بڑے ہونے پر زندگی کے ہر شعبے میں نظر آتی ہے۔

تنہائی سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت

زیادہ آزادی والے ماحول میں بچہ اکثر کچھ وقت اکیلے گزارتا ہے، جس سے وہ اپنے اندر جھانکنا، خیالات سے رابطہ رکھنا اور اپنی طاقت و کمزوریوں کو سمجھنا سیکھتا ہے۔بڑا ہو کر بھی وہ تنہائی میں سکون محسوس کرتا ہے۔ مصروف شہر میں بھی تنہا سفر کے دوران یا صبح کی خاموش چائے یا کافی کے لمحوں میں، وہ اس خلوت سے لطف اٹھاتا ہے۔ یہ لمحے غوروفکر اور تازگی کا ذریعہ بنتے ہیں۔

خود انحصاری

بغیر مستقل رہنمائی کے آزادی انسان کو خود اپنی قیادت کرنا سکھاتی ہے، جس سے خود انحصاری پیدا ہوتی ہے۔بچپن میں وہ اکثر مسائل کے حل خود تلاش کرتا ہے، جیسے دوستوں سے اختلاف سلجھانا یا راستہ بھٹک جانے پر گھر واپس آنا۔یہ ابتدائی مشق بڑے ہو کر مضبوط خود اعتمادی میں بدل جاتی ہے اور انسان کو زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ دوسروں پر مکمل انحصار کے بغیر کرنے کے قابل بناتی ہے۔

ذہنی کشادگی

آزاد بچپن کے متنوع تجربات انسان کے افق کو وسیع کرتے ہیں، جس سے وہ مختلف نقطۂ نظر کو زیادہ قبول کرتا ہے اور غیر مانوس چیزوں پر کم فیصلہ صادر کرتا ہے۔مختلف حالات، ملاقاتیں اور مہمات مل کر ایک کھلا ذہن تشکیل دیتی ہیں۔یہ ذہنی کشادگی دنیا کو سمجھنے، دوسروں سے بہتر تعلق بنانے، ہمدردی بڑھانے اور مختلف خیالات کا احترام کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی دونوں کو سنوارنے والی قیمتی صفت ہے، جو کامیاب تعاون سے لے کر صحت مند تعلقات تک ہر میدان میں مدد دیتی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size