بہار کی آمد کے ساتھ ذہنی الجھن سے نجات حاصل کرنے کے پانچ طریقے
بہار کی آمد کے ساتھ ذہنی الجھن سے نجات حاصل کرنے کے پانچ طریقے
وقت کے ساتھ ساتھ ذہنی انتشار خاموشی سے بڑھتا رہتا ہے، جو ادھورے کاموں، مسلسل نوٹیفکیشنز، مستقبل کی فکروں یا ایسے خیالات کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے ،جو بغیر حل کے بار بار ذہن میں گردش کرتے رہتے ہیں۔ جلد ہی یہ کیفیت اتنی ہی تھکا دینے والی ہو جاتی ہے ،جیسے کوئی کمرہ بے ترتیبی سے بھرا ہوا ہو۔
بہار کا موسم اپنے خوشگوار ماحول کے باعث کھڑکیاں کھولنے اور تازہ ہوا لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ ویب سائٹ The Simplicity Habit کے مطابق بہار کی آمد کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ذہن کو صاف کرنے اور ذہنی الجھن سے نجات حاصل کرنے کے لیے پانچ طریقے اپنائے جا سکتے ہیں، تاکہ زیادہ پُرسکون اور صاف ستھری زندگی سے لطف اندوز ہوا جا سکے۔
ذہن کی صفائی
بہار کے موسم کی تیاری کے لیے ذہن کو صاف کرنا دراصل اسے خالی کرنے کے مترادف ہے تاکہ سکون اور شفافیت کے لیے زیادہ جگہ پیدا ہو سکے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان ان خیالات، عادات اور توجہ بٹانے والی چیزوں کو پہچانے جو ذہن کو بھر دیتی ہیں، اور شعوری طور پر ان چیزوں کو چھوڑ دے جو اب فائدہ مند نہیں رہیں۔
ذہنی انتشار کئی شکلیں اختیار کر سکتا ہے۔ انسان خود کو بار بار پرانی باتیں دہراتے ہوئے، اپنے قابو سے باہر امور کی فکر کرتے ہوئے یا ایک ہی وقت میں بہت سے کام سنبھالنے کی کوشش کرتے ہوئے پا سکتا ہے۔
منفی خیالات میں مسلسل الجھے رہنا ذہنی صحت اور جذباتی توازن کو متاثر کرتا ہے اور یہ کیفیت بے چینی اور ڈپریشن کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
تاہم اگر انسان باقاعدگی سے اپنے خیالات کا جائزہ لے اور غیر ضروری ذہنی بوجھ سے خود کو آزاد کرے ،تو وہ اپنی زندگی میں زیادہ سکون اور ذہنی صفائی کے لیے جگہ پیدا کر سکتا ہے۔
وہ علامات جو بتاتی ہیں کہ دماغ کو ذہنی آرام کی ضرورت ہے
دماغ کو ذہنی آرام کی ضرورت ہوتی ہے اگر:
انسان کو محسوس ہو کہ اس کے خیالات مسلسل مصروف یا منتشر رہتے ہیں۔
ایک وقت میں ایک کام پر توجہ مرکوز کرنے میں دشواری ہو۔
فارغ وقت میں بھی سکون حاصل کرنے میں مشکل پیش آئے۔
ذہنی تھکن یا ذمہ داریوں کے بوجھ سے نڈھال محسوس ہو۔
ذہن منفی خیالات کے چکر میں پھنسا رہے۔ذہن کی صفائی کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا آسان ہے، اگر چھوٹی مگر با شعور عادات اپنائی جائیں جو بڑا فرق پیدا کر سکتی ہیں، جیسا کہ درج ذیل:
1۔ ذہنی مراقبہ
ذہنی مراقبہ کا مطلب ہے، موجودہ لمحے پر توجہ مرکوز کرنا، ماضی یا مستقبل کی فکر میں الجھنے کے بجائے۔ یہ عمل اتنا سادہ ہو سکتا ہے جیسے چند گہری اور آہستہ سانسیں لینا، اردگرد کے احساسات پر غور کرنا یا جس کام میں مصروف ہوں اس پر مکمل توجہ دینا۔مراقبہ نہایت مؤثر ہے کیونکہ یہ توجہ کو بہتر بناتا اور بے چینی کو کم کرتا ہے۔
2۔ فطرت میں وقت گزارنا
کھلی فضا میں وقت گزارنا اور فطرت کے قریب رہنا ذہن کو تازگی دینے کا بہترین طریقہ ہے۔ اس کے لیے کسی بڑی مہم کی ضرورت نہیں، بلکہ پارک میں چہل قدمی، کچھ دیر بیٹھنا یا بالکونی میں وقت گزارنا بھی سکون کا باعث بنتا ہے۔تازہ ہوا اور قدرتی ماحول تناؤ کم کرنے اور موجودہ لمحے سے جڑنے میں مدد دیتے ہیں۔
3۔ منفی سوچ سے نجات
خود پر تنقید غیر حقیقی توقعات اور مسلسل موازنہ ذہنی صحت پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ ذہن کی صفائی میں ان رویّوں کو پہچاننا اور نرمی سے چیلنج کرنا شامل ہے۔ہر منفی خیال کو سچ ماننے کے بجائے خود سے سوال کریں کہ کیا یہ مفید یا درست ہے؟ خود سے ہمدردی کی مشق آہستہ آہستہ سخت اندرونی گفتگو کو نرم اور مثبت سوچ میں بدل سکتی ہے۔
4۔ خیالات کو ترتیب دینا
ذہن کو صاف کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ خیالات کو کاغذ پر لکھ لیا جائے۔ لکھنا ایک مفید عمل ہے جو جذبات کو منظم کرنے اور ذہنی بوجھ کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔چند منٹ نکال کر جو کچھ ذہن میں آئے لکھ لیں،چاہے وہ کاموں کی فہرست ہو، پریشانیاں ہوں یا عام خیالات۔ جب یہ سب کاغذ پر آ جاتا ہے تو انہیں سنبھالنا آسان اور کم بوجھل محسوس ہوتا ہے۔
5۔ ٹیکنالوجی کا کم استعمال
جدید ٹیکنالوجی معلومات تک مسلسل رسائی فراہم کرتی ہے، مگر یہ ذہنی انتشار کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ نوٹیفکیشنز، سوشل میڈیا اپڈیٹس اور مسلسل خبریں توجہ کو منتشر کر دیتی ہیں۔اس لیے ڈیجیٹل چیزوں سے وقفہ لینا یا روزانہ کچھ وقت ٹیکنالوجی سے دور رہنا دماغ کو سکون اور توانائی بحال کرنے میں مدد دیتا ہے۔