.

مدینہ منورہ کے اسپتالوں سے 23 مریض عازمین حج مشاعر مقدسہ روانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مدینہ منورہ کےمختلف اسپتالوں میں زیرعلاج 23 مریض عازمین حج مناسک حج کی ادائی کے لیے مشاعر مقدسہ روانہ کردیے گئے ہیں۔

مریض عازمین حج کو ایمبولینسوں کےذریعے مشاعر مقدسہ روانہ کیا گیا ہے۔ ہر مریض کے ساتھ ایک نرس بھی تعینات ہےجب کہ ایمبولینسیں جدید آلات سے لیس ہیں۔

رواں موسم حج میں پہلی مرتبہ مدینہ منورہ سے مریض عازمین حج کو طیارے کی مددسے مشاعر مقدسہ پہنچایا گیا۔ ان میں ایک افغان خاتون بھی شامل ہیں جن کی مدینہ منورہ کے ایک اسپتال میں سرجری کی گئی تھی۔

خیال رہےکہ سعودی عرب کی حکومت مریض عازمین حج کی فرئضہ حج کی ادائی میں معاونت کے لیے ہرسال انہیں ایمبولینسیں فراہم کرتی اور ان کی ہرطرح سے مدد کی جاتی ہے۔

ادھر ایک دوسرے سیاق میں سعودی عرب کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کے لیے مختص کردہ تمام اسپتالوں اور طبی مراکز سے عازمین کو ہرممکن مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ یکم ذی القعدہ سے چھ ذی الحج تک سعودی عرب کے اسپتالوں میں 2 لاکھ 99 ہزار 557 مردوخواتین عازمین حج کو طبی مدد فراہم کی گئی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اس دوران امراض قلب کے 25 مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔ 587 عازمین حج کے دلوں کے چھوٹے آپریشن کیے گئے۔ گردوں کی بیماریوں کے شکار 1615مریضوں کے ڈائیلائیسز کیے گئے اور دیگر امراض کی 393 سرجریاں کی گئیں۔ 1440ھ کے موسم حج پر 2044 مریح عازمین حج کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا جب کہ 7 خواتین کے زچگی کے آپریشن کیے گئے۔