اس وقت لاکھوں مسلمان فریضہ حج کے مناسک ادا کر رہے ہیں۔ دُنیا کے مختلف ملکوں اور خطوں سے آنے والے بعض خاندانوں کے بچے بھی حج میں ان کے ساتھ ہیں۔
حج کے مناسک کی ادائی کے دوران جمعہ کے روز حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوئے تو ان کے درمیان بڑی تعداد میں بچوں کو بھی دیکھا گیا۔ شدید گرمی کے باوجود بچوں کا شوق دیدنی ہے اور وہ خوش وخرم دکھائی دیتے ہیں۔
یہ ننھے حجاج کرام اس وقت کم عمر ہیں مگر حج کے مناظر ان کی لوح دماغ پر ہمیشہ کے لیے انتہائی خوش گوار یاد کے طور پر نقش ہو جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عرفات میں حجاج کے خیموں کے قریب سڑکوں پر بچوں کو ان کے واکر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ان بچوں کو ان کے والدین اپنے ساتھ حج پر لائے ہیں۔ بعض بچوں کو ان کے والد یا والدہ نے اٹھا رکھا ہے۔
حج پر آئے 8 سالہ محمد نے اچھے سے حج کی تلبیہ یاد کر رکھا ہے اور اسے بلند آواز میں روانی کے ساتھ تلبیہ پڑھتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔
بیرون ملک سے حج پر آئے عبدالغفار بھی اپنے ایک کم سن بچے کو ساتھ لائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں بچے کو حج کے مناظر دکھانا چاہتا تھا۔ اس لیے اسے ساتھ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے رش کا خوف نہیں کیونکہ میں بچے کو یا تو اٹھا لیتا ہوں یا اسے واکر پر چلاتا ہوں۔ حج کے تمام مناسک کی تکمیل تک بچہ ہمارے ساتھ رہے گا۔