حج 1446

سعودی عرب میں حجاج کی سہولت کے لیے متحرک مراکز اور ایندھن کی ہنگامی سروس کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شاہرات نے حج کے دوران حجاج کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے "متحرک مقامات" کی نئی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس خصوصی سروس کا مقصد ہجرت روڈ (مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والے راستے) پر دوران سفر اگر کسی حاجی کی بس خراب ہو جائے تو فوری مدد فراہم کرنا ہے۔

یہ موبائل مراکز ہر وقت یعنی 24 گھنٹے فعال رہیں گے اور ایک وقت میں 40 حجاج کرام کے بیٹھنے کی گنجائش رکھتے ہیں۔ ان گاڑیوں میں مکمل آرام دہ نشستیں، ایئر کنڈیشنڈ ماحول، آرام گاہیں، بیت الخلا کی سہولت، ٹھنڈے مشروبات اور مہمان نوازی کے لیے ہلکی پھلکی اشیائے خوردونوش موجود ہیں۔

اتھارٹی کے ترجمان عبدالعزیز العتیبی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ ایک تربیت یافتہ تکنیکی عملہ مسلسل متحرک ہے، جو خراب ہونے والی بسوں کو یا تو فوری طور پر درست کرتا ہے یا پھر مسافروں کو محفوظ طریقے سے وہاں سے منتقل کرتا ہے، تاکہ ان کا سفر سکون اور اطمینان سے جاری رہ سکے۔

یہ موبائل مراکز جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں اور ہنگامی صورتحال میں تیز رفتاری سے جواب دینے کے لیے "مربوط رابطہ مرکز (938)" کے ساتھ براہ راست منسلک ہیں۔ یہ اقدامات شاہی ویژن سنہ 2030ء کے تحت حجاج کو اعلیٰ ترین سہولیات کی فراہمی اور سڑکوں کی ہمہ وقت تیاری کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

ہنگامی ایندھن سپلائی کے لیے موبائل پٹرول پمپ بھی فعال

اسی سلسلے میں شاہراہ ہجرت پر ایندھن کی فوری فراہمی کے لیے "متحرک پٹرول پمپوں" کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ جنرل اتھارٹی برائے شاہرات اور سعودی کمپنی برائے وہیکل ٹرانسپورٹ (ساسکو) کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے۔

یہ متحرک پمپ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان راستے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ایندھن فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔ حاجی حضرات 938 پر کال کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس سروس کا آغاز آج سے ہو گیا ہے اور یہ آئندہ جولائی کے آخر تک جاری رہے گی۔

یہ جدید اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب حجاج کرام کی خدمت کو اپنا قومی، دینی اور انسانی فریضہ سمجھتا ہے اور ہر ممکن سہولت ان تک پہنچانے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں