بم کی موجودگی کی اطلاع پر ایفل ٹاور خالی کرا لیا گیا

سالانہ کئی ملین سیاح دنیا کی بلند سیرگاہ آتے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

فرانس کے دارلحکومت پیرس کے مشہور سیاحتی مقام 'ایفل ٹاور' کو نامعلوم کالر کی جانب سے بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد ہفتے کو رات گئے خالی کرا لیا گیا اور پولیس کے مطابق وہاں پر سیاحوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

پیرس پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نامعلوم فون کالر نے فرانس میں سیاحوں کے من پسند مقام ایفل ٹاور میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جس کے بعد تقریبا چودہ سو سیاحوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فرانسیسی عہدیدار نے بتایا کہ ایفل ٹاور کی مکمل تلاشی کے بعد حکام کو کسی قسم کا دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔

فرانسیسی حکام نے ملک میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے کیونکہ فرانس کی مالی میں القاعدہ جنگجوؤں کے خلاف مہم کے بعد پیرس میں دہشت گردی کے واقعات میں بڑھوتری کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فرانس نے القاعدہ جنگجوؤں کے خلاف مالی میں اپنی فوجی مہم دو ماہ قبل شروع کی تھی۔

ایفل ٹاور دہشت گردی کے خطرات کی متعدد ایسی وارننگز کے بعد سال میں کئی مرتبہ سیاحوں کے لئے بند کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس ایک اور سن دو ہزار گیارہ میں بم کی موجودگی کی دو مرتبہ اطلاع پر ایفل ٹاور کو بند کیا گیا۔ پیرس میں تین سو چوبیس میٹر بلند ٹاور دنیا کا بلند ترین سیاحتی مقام ہے، سالانہ کئی ملین افراد اسے دیکھنے آتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں