شام سے انٹرنیٹ کی ٹریفک اچانک بند ہو گئی
سائبر بلیک آؤٹ کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے
امریکی دفتر خارجہ اور انٹرنیٹ کی ٹریفک مانیٹر کرنے والی ٹیکنیکل فرموں نے بتایا کہ منگل کے روز شام کا بیرونی دنیا سے انٹرنیٹ کے ذریعے رابطہ منقطع رہا ہے۔ انٹرنیٹ بندش کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم گزشتہ برس نومبر میں ایسا ہی بلیک آؤٹ دیکھنے میں آیا تھا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ٹیوٹر" کے ذریعے امریکی دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ "شام میں منگل کی دوپہر سے انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کی کیفیت ہے۔" امبریلا سیکیورٹی لیبز نے بتایا کہ شام سے انٹرنیٹ کا استعمال انتہائی کم ہو گیا ہے۔ یہ صورتحال منگل کے روز گرینچ کے معیاری وقت 1845 سے جاری رہی۔
امبریلہ لیب کے ڈین ہب بارڈ کا کہنا تھا کہ انتہائی باریک بین مانیٹرنگ سے یہ امر مترشح ہوتا ہے کہ شام سے انٹرنیٹ کی ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایسی ہی صورتحال کا بیان بین الاقوامی سرچ انجن 'گوگل' کی ٹرانسپرنسی رپورٹ آن ویب ٹریفک میں بھی ملتا ہے۔ ویب ٹریفک مانیٹر کرنے والے فرموں اکامی اور رینسیز نے بھی ایسی ہی رپورٹس جاری کی ہیں۔
بشار الاسد کے خلاف برسرپیکار جمہوریت نواز رضاکاروں نے متنبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کی کیفیت عمومی طور پر کسی بڑے فوجی آپریشن سے پہلے کیا جاتا ہے تاکہ اس میں ہونے والی تباہی سے دنیا آگاہ نہ ہو سکے۔