ایران میں امریکی اشیاء صرف کی درآمد پر پابندی عاید

پابندی کا مقصد ملک میں امریکا کی علامتی موجودگی ختم کرنا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ایران نے ملکی منصوعات کو فروغ دینے کی خاطر امریکی اشیاء کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں امریکا کی علامتی موجودگی کو ختم کرنا ہے۔

اس امر کا اعلان ایران میں کامرس اور صنعت کے وزیر محمد رضا نعمت زادہ نے وزارت کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کیا ہے۔

نعمت زادہ کے بقول ہمارا یہ اقدام سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے صدر حسن روحانی کے نام اس خط میں دی گئی ہدایت کا عملی مظہر ہے جس میں انہوں نے ملکی پیداوار بڑھانے پر زور دیا تھا۔

یاد رہے کہ ایران کے اسی سال جولائی میں عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری معاہدے کے حوالے سے ایک ڈیل پر دستخط کئے تھے جس کے نتیجے میں تہران پر عاید سخت عالمی پابندیاں نرم کی جانا تھی اور بدلے میں ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ایرانی وزیر نعمت زادہ کی جانب امریکی اشیاء کی ملک میں درآمد پر پابندی کا اعلان امریکی سفارتخانے پر حملے کی 36 برس مکمل ہونے کی سالگرہ کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

اس روز ملک بھر امریکا مخالف مظاہرے ہوئے۔ تہران میں 'عالمی جبروت کے خلاف قومی دن' کے موقع پر سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر 'امریکا مردہ باد' اور 'اسرائیل مردہ باد' کے نعرے درج تھے۔

ایران کے پراسیکیوٹر جنرل ابراہیم ریئسی نے اس موقع پر ولولہ انگیز خطاب میں امریکی 'مظالم' کو شدید ہدف تنقید بنایا۔ پیر کے روز ایران کے متعدد قانون سازوں نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا تھا کہ وہ 'امریکا مردہ باد' کا نعرہ ترک نہیں کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں