لیبیا : جنگجوؤں کے ٹھکانے پر فضائی حملے میں 7 مشتبہ افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

لیبیا کے جنوبی مغربی شہر سبھا کے نزدیک جنگجوؤں کے ٹھکانے پر فضائی حملے میں سات مشتبہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایک مقامی عہدے دار نے بتایا ہے کہ سبھا کے شمال مغرب میں واقع قصبے القرضہ میں بدھ کو علی الصباح فضائی حملے میں تین مکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔دو مکان بمباری سے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور تیسرے کو نقصان پہنچا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی لاشیں اس قصبے سے 35 کلومیٹر دور واقع ایک اور قصبے ادری کے اسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کی گئی تھیں لیکن وہاں سے دو گھنٹے کے بعد مسلح جنگجو لاشیں اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ حملہ کس نے کیا ہے۔لیبیا کے فوجی حکام نے بھی اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ مشرقی اور مغربی لیبیا سے تعلق رکھنے والی فورسز جنگجوؤں کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے لڑاکا طیارے استعمال کرتی رہتی ہیں۔

لیبیا میں امریکا کے لڑاکا طیارے بھی داعش اور دوسرے سخت گیر جنگجو گروپوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بناتے رہتے ہیں اور وہ وسطی شہر سرت میں داعش کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کرچکے ہیں لیکن ایک امریکی عہدے دار کا اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا ہے کہ ان کی فضائی فوج نے یہ حملہ نہیں کیا ہے۔

فضائی بمباری کا نشانہ بننے والے جنگجوؤں کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں اور یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا تعلق القاعدہ سے ہے یا داعش ۔ان دونوں گروپوں کے جنگجو لیبیا کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں۔

لیبیا کی ایک خبری ویب سائٹ کے مطابق فضائی حملے کا ہدف عبدالرحمان بلحاج حسناوی المعروف ابو طلحہ اللبی نامی جنگجو تھا۔تاہم متعدد رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ مرنے والوں مں شامل نہیں ہے۔ القرضہ سے تعلق رکھنے والے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے بعض لیبی اور بعض غیرملکی تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں